Sufinama

حضرت شاہ موسیٰ سہاگ

ڈاکٹر ظہورالحسن شارب

حضرت شاہ موسیٰ سہاگ

ڈاکٹر ظہورالحسن شارب

MORE BYڈاکٹر ظہورالحسن شارب

    دلچسپ معلومات

    تاریخ صوفیائے گجرات۔ حصہ دوم۔ باب-74

    حضرت موسیٰ سہاگ مردِ کامل، صاحبِ ولایت تھے۔

    نامِ نامی : آپ کا نامِ نامی اسمِ گرامی موسیٰ ہے۔

    بیعت : آپ حضرت شاہ سکندر بود کے مرید تھے اور وہ مرید شاہ جیول لال قلندر کے تھے اور وہ مرید شاہ جمال مجرد کے تھے اور وہ مرید شاہ ابراہیم گرم سیل کے تھے اور وہ مرید حضرت شیخ ابو نجیب سہروردی کے تھے۔

    سلسلہ : آپ سدا سہاگ سلسلہ سے تعلق رکھتے تھے، فقرا کی ایک جماعت زنانہ لباس اور چوڑیاں پہنتی ہے، وہ محفلِ سماع میں رقص کرتے ہیں، ان کا لباس اور وضع قطع اور لب و لہجہ عورتوں کی طرح ہوتا ہے، فقرا کی یہ جماعت سدا سہاگ کے نام سے مشہور ہے بعض کا خیال ہے کہ ہندوستان میں سدا سہاگ سلسلہ آپ سے جاری ہوا۔

    رہائش : آپ احمدآباد میں رہتے تھے۔

    حضرت محبوبِ الٰہی کے مزار پر حاضری : ایک دفعہ آپ خواجہ نظام الدین اؤلیا کے مزارِ پرانوار پر حاضر ہوئے، اس وقت وہاں کچھ عورتیں جمع تھیں، ان عورتوں کی کوئی منت پوری ہوئی تھی، اس سلسلہ میں وہ حضرت کے مزارِ پاک بستی نظام الدین، دہلی میں آکر ڈھولک اور باجہ بجا کر گا رہی تھیں اور حضرت محبوبِ الٰہی کو اپنی زبان سے اور ٹوٹے پھوٹے الفاظ میں اور محبت اور عقیدت کے لہجہ میں خراجِ تحسین اور خراجِ عقیدت پیش کر رہی تھیں، آپ جب حضرت محبوبِ الٰہی کے مزارپُرانوار پر حاضر ہوئے تو آپ ان عورتوں کو اس طرح گاتے بجاتے دیکھ کر دل میں ناراض ہوئے، آپ احکامِ شریعت کے سخت پابند تھے، متقی اور پرہیزگار ہونے کے ساتھ ساتھ آپ احکامِ شریعت کی پابندی اور نفاذ کے حامی تھے، ان عورتوں کو اس حالت میں دیکھ کر آپ نے ان کے اس فعل کو خلافِ شریعت اور خلافتِ اسلام قرار دیا پھر آپ کے دل میں یہ خیال آیا کہ گو ان عورتوں کا وہ فعل خلافِ شرع ہے لیکن ان عورتوں کا حضرت محبوبِ الٰہی کے مزار پر ایسا ناجائز اور خلاف شرع فعل کرنے کے یہ معنی ہیں کہ ان کو حضرت محبوبِ الٰہی کی اجازت حاصل ہے اور حضرت محبوبِ الٰہی ان کے اس فعل کو پسند فرماتے ہیں، اگر حضرت محبوبِ الٰہی اس فعل کو ناپسند فرماتے تو وہ عورتیں ہرگز مزارِ اقدس پر اس طرح حاضر نہ ہوتیں اور خلافِ شرع فعل ان سے سرزد نہ ہوتا، بہر حال! حاضری دے کر آپ حضرت محبوبِ الٰہی کے مزار سے چلے آئے، وقت گزرتا رہا اور زمانہ کروٹیں لیتا رہا۔

    فریضۂ حج : اس واقعہ کے چند سال بعد آپ حج کا فریضہ ادا کرنے کی غرض سے مکہ معظمہ پہنچے اور حج کے فریضہ سے فارغ ہوکر آپ نے مدینہ منورہ کا قصد کیا کہ حضرت محمد مصطفیٰ کے روضۂ پاک پر حاضر ہوکر نذرانۂ عجز و نیاز پیش کریں۔

    خواب اور آواز : آپ نے مدینہ منورہ کا قصد کیا اور روانہ ہونے والے تھے کہ رات کو آپ نے ایک خواب دیکھا کہ ایک بزرگ آپ کو مدینہ منورہ جانے سے روکتے ہیں، مولانا روانہ ہوگئے، تھوڑی ہی دور قافلہ چلا تھا کہ آپ کو ایسا محسوس ہوا کہ کوئی شخص مدینہ منورہ جانے سے آپ کو روکتا ہے، آخر آپ نے جب یہ سنا کہ کوئی کہتا ہے کہ اگر تو مدینہ جائے گا تو یاد رکھ کہ تیرا ایمان سلب ہوجائے گا تو آپ بہت پریشان اور مضطرب ہوئے۔

    مشورہ : آپ کے قافلے میں ایک بزرگ تھے، آپ نے ان سے خواب کا حال اور پھر راستہ میں کسی کے روکنے کا اور آواز سننے کا حال بیان کیا، ان بزرگ نے تھوڑی دیر مراقبہ کیا اور پھر آپ کو آگاہ کیا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ان سے خفا ہیں۔

    وجہ : حضرت محمد مصطفیٰ کی خفگی کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ سرورِ عالم نے فرمایا کہ حضرت موسیٰ سہاگ نے ہمارا تو کوئی قصور نہیں کیا ہے لیکن ہندوستان میں جو خواجہ نظام الدین اؤلیا میں اور جن کا مزار دہلی میں واقع ہے، وہ کسی وجہ سے ان سے ناراض ہیں اور خفا ہیں، جب محبوبِ الٰہی خفا ہیں تو ہم کیسے اس شخص کو اپنے یہاں آنے دیں جو ہمارے اؤلیا کو رنج پہنچاتا ہے ہم اس شخص کو اپنے یہاں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، بہتر صورت یہ ہے کہ اگر واقعی وہ شخص ہمارے یہاں آنا چاہتا ہے تو پہلے دہلی جائے اور حضرت محبوبِ الٰہی سے اپنا قصور معاف کرائے اور پھر ہمارے یہاں آنا چاہتا ہے تو پہلے دہلی جائے اور حضرت محبوبِ الٰہی سے اپنا قصور معاف کرائے اور پھر ہمارے یہاں آئے۔

    سوچ بچار : حضرت موسیٰ یہ سن کر سوچ بچار میں پڑ گئے کہ آخر ان سے ایسا کون سا نازیبا فعل سرزد ہوا ہے کہ جس کی وجہ سے حضرت محبوبِ الٰہی ان سے ناراض و خفا ہیں، سوچتے سوچتے آپ کو حضرت کے مزارِ اقدس پر عورتوں کا ناچنا، گانا بجانا، یاد آیا اور جو آپ کے دل میں خطرہ گزرا تھا، وہ بھی آپ کو یاد آیا۔

    ہندوستان کو روانگی : یہ یاد آتے ہی آپ بجائے مدینہ منورہ جانے کے ہندوستان روانہ ہوئے اور دہلی پہنچ کر حضرت محبوبِ الٰہی کے مزارِ پُرانوار پر حاضر ہونے کا قصد کیا، حاضر ہونے سے قبل آپ نے یہ کیا کہ داڑھی مونچھ منڈوائی، زنانہ لباس زیب تن کیا اور زیور پہن کر اور ڈھونلک گلے میں ڈال کر اور ڈھولک بجاتے ہوئے اور گاتے ہوئے آپ حضرت محبوبِ الٰہی کے مزار پر حاضر ہوئے اور مزارِ پاک کا طواف کرنے لگے، طواف کرتے کرتے آپ بیہوش ہوکر گر پڑے، بے ہوش ہوکر گرنا تھا کہ آپ پر اسرارِ الٰہی منکشف ہوئے، تجلی ذات ربانی سے مشرف ہوئے، حجابات اٹھ گئے اور ذرا دیر میں کیا سے کیا ہوگئے، لوگوں کا اصرار اور آپ کا انکار آپ کے ہوش میں آنے کے بعد لوگوں نے آپ سے زنانہ لباس اور زیور اتارنے کو کہا، آپ نے ان لوگوں کی نہیں مانی، صاف انکار کیا اور فرمایا کہ

    ”میں یہ لباس ہرگز ترک نہ کروں گا، میں نے جو کچھ پایا وہ اس لباس میں پایا، بھلا میں اس کو کیسے اور کس طرح ترک کرسکتا ہوں“

    آخری ایام : احمدآباد میں رہتے تھے اور ہیجڑوں کے ساتھ گاتے بجاتے تھے، زنانہ لباس آخری دم تک پہنے رہے، محفلِ سماع میں رقص کرتے تھے۔

    وفات : آپ 10 رجب 853 ہجری کو واصل بحق ہوئے، مزار مبارک احمدآباد میں مرجع خاص و عام ہے۔

    حضرت شاہ عالم کی تاکید : بذریعۂ کشف حضرت شاہ عالم کو آپ کی وفات کا علم ہوا، انہوں نے قاضی میاں مخدوم کو حکم دیا کہ جلد جاکر آپ کی تجہیز و تکیفن میں شریک ہو اور ان کو تاکید فرمائی کہ وہ (حضرت موسیٰ) جس رنگ میں ہیں اسی میں ان کو دفن کرنا اور کسی کو ان کی چوڑیاں نہ اتارنے دینا، ایسا ہی ہوا۔

    سیرت : شروع زندگی میں تو آپ بہت متشرع، متقی اور پرہیزگار بزرگ تھے پھر آپ نے زنانہ لباس زیب تن کیا اور چوڑیاں پہن اور ہیجڑوں کے ساتھ رہنا سہنا شروع کیا، آپ گاتے، بجاتے اور ناچتے، آپ چھپے ہوئے خدا رسیدہ بزرگ اور باکمال درویش تھے۔

    تعلیم : آپ اور آپ کے سلسلے کے لوگوں کا یہ طریقہ تھا کہ جاچتے جاتے تھے اور زبان سے ”لا الٰہ الا اللہ نور محمد صلی اللہ“ کہتے جاتے تھے۔

    کشف و کرامات : آپ صاحبِ کشف و کرامات بزرگ تھے، ایک سال ایسا ہوا کہ احمدآباد میں بارش نہ ہوئی، قحط کے آثار نمایاں ہوئے، لوگ بادشاِ وقت کے پاگئے اور بھوک اور پیاس کی شکایت کی، بادشاہ نے شہر کے قاضی کو دعا کرنے کے لیے کہا، قاضی نے جواب دیا کہ

    ”میں ایک گنہگار بندہ ہوں، میری دعا کارگر نہ ہوگی، میں کتنی ہی دعا کروں پانی نہ برسے گا، ہاں اگر شاہ موسیٰ سدا سہاگ سے دعا کرنے کے لیے کہا جائے اور وہ راضی ہو جائیں تو یہ یقینی بات ہے کہ پانی برسے گا اور مخلوقِ خدا قحط سے نجات پائےگی“

    بادشاہ اور قاضیٔ شہر آپ کے مکان پر پہنچے اور آپ سے التجا کی کہ دعا کریں کہ بارش ہو اور خشک سالی دور ہو، آپ نے فرمایا کہ

    ”تم دونوں کو دھوکہ ہوا ہے، شاہ موسیٰ تو کوئی اور ہوں گے، ان کے پاس جاؤ اور ان سے دعا کراؤ، میں تو ایک گنہگار بندی ہوں اور یہاں ان لوگوں میں رہ کر اپنا گزر کرتی ہوں“

    بادشاہ اور قاضیٔ شہر برابر اصرار کرتے رہے، آخر کار ان کا اصرار آپ کے انکار پر غالب آیا، آپ راضی ہوگئے، آپ کی آنکھوں میں آنسو تھے، چشمِ گریاں اور سینۂ بریاں کے ساتھ آپ نے دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے اور عرض کیا کہ

    ”اے میرے خاوند! اگر تونے میری التجا قبول نہ کی اور پانی نہ برسایا تو میں اپنا سہاگ چھوڑ دوں گی“

    اتنا عرض کرکے آپ چاہتے تھے چوڑیاں توڑ دیں کہ اتنے میں آسمان پر ابر نمودار ہوا اور ایسی بارش ہوئی کہ لوگ عاجز آگئے، احمدآباد کے علما آپ کو زنانہ لباس میں دیکھ کر ناراض ہوتے تھے، ایک درفعہ انہوں نے آپ کو جامع مسجد بلایا، آپ وہاں گئے، آپ وہی زنانہ لباس پہنے ہوئے تھے، علما نے آپ کی مرضی کے خلاف آپ کا زنانہ لباس اتروایا اور آپ کو سفید لباس پہنوایا، وضو کرکے آپ نماز میں شریک ہوئے، اللہُ اکبر کہتے ہی وہ سفید لباس سرخ ہوگیا جب نماز ختم ہوئی تو آپ نے بہ آواز بلند فرمایا کہ

    ”میاں میرا کہتا ہے کہ تو سہاگن رہ اور موئے مجھ سے کہتے ہیں کہ رانڈ ہوجاؤ، میں تو میاں کے کہنے پر چلوں گی، ان موؤں کی بات مجھ پر ہرگز اثر نہ کرے گی“

    آپ کی یہ کرامت دیکھ کر علما متعجب ہوئے اور آپ کو آپ کے حال پر چھوڑ دیا۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے