"عقد ثریا" فارسی گو شعرا کے تذکرے پر مشتمل ہے جس میں مصحفی نے ایران و ہند کے ایک سو باون شعرا کے احوال اور نمونہ کلام کی جمع آوری کی ہے۔ اس میں تین قسم کے شعرا کا تذکرہ کیا ہے ایک وہ ایرانی شعرا جو ہندوستان کبھی نہیں آئے اور دوسرے وہ ایرانی شعرا جو ہندوستان آئے اور تیسرے وہ شعرا جو ہندوستانی تھے۔ ان کے تذکرے عام فہم اور آسان زبان میں ہوتے ہیں اور وہ اپنے تذکروں میں انتقادی پہلو سے گریز کرتے ہوئے نظر آتے ہیں ہاں جابجا انہوں نے اپنی رائے پیش کی ہے جو وقعت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔ مصحفی کا یہ تذکرہ کافی معروف ہے اور فارسی تذکرہ نویسی کے آخری دور کی یاد دلاتا ہے۔ "عقد ثریا" کا پیشِ نظر نسخہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے استادِ ادبیات اردو ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب نے مرتب کیا ہے۔ مرتب نے کچھ مفید ضمائم کا اضافہ بھی کیا ہے اور مشکل الفاظ کا فرہنگ بھی شامل کتاب کر دیا گیا ہے۔ مرتب نے اس تذکرہ کو تین قلمی نسخوں کی بنیاد پر مرتب کیا ہے، اور تینوں نسخوں کی تفصیل مقدمہ میں پیش کردی ہے۔ اس کے علاوہ بھی مرتب نے مولوی عبد الحق کے مرتبہ نسخہ کے خارج شدہ انتخاب اشعار کو بھی شامل کیا ہے، اس لئے اس نسخے کی وقعت مزید ہوجاتی ہے۔
Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi
Get Tickets