قاضی عبدالستار اردو کے معروف فکشن نگار ہیں ۔بالخصوص تاریخی ناول نگاری کے لیے قاضی صاحب ہمیشہ یا د رکھے جائیں گے۔ زیر نظر "داراشکوہ "ایسا تاریخی ناول ہے جس میں قاضی صاحب کی فن کی پختگی ،فکر کی گہرائی اور خطیبانہ اسلوب کا حسین امتزاج نمایاں ہے۔اس ناول میں انھوں نے مغلیہ عہد کا تذکرہ اس شاندار لب ولہجہ میں کیا ہے کہ شہنشاہی جاہ و جلال قاری کے سامنے آجاتا ہے۔اس ناول کا مرکزی کردار "داراشکوہ" اس قدر معروف ہے کہ مصنف کے لیے تخیل سے کام لینے کی گنجائش کم رہ جاتی ہے لیکن قاضی صاحب کا یہ کمال ہے کہ انھوں نے اپنے الفاظ کی جادوگری ،تہذیب کے نفسیاتی تجزیے اور تاریخی شعور کی بدولت اس ناول کو شہرت کی بلندی تک پہنچادیاہے۔اس طرح قاضی صاحب نے اس ناول میں تاریخ اور ناول نگاری دونوں کا حق بخوبی ادا کیاہے۔زبان کی نیرنگی ،تاریخی شعور اور تہذیب کی عکاسی کچھ ایسے عناصر ہیں جو انھیں اپنے معاصرین میں منفرد مقام عطا کرتے ہیں۔