دریائے لطافت، سید انشا اللہ خان انشا اور مرزا محمد حسن قتیل کی مشترکہ تصنیف ہے۔ یہ کتاب فارسی زبان میں ہے، جو 1808ء میں لکھی گئی۔ یہ اردو لسانیات اور قواعد کی سب سے پہلی اور بنیادی کتاب ہے، یہ دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں اردو زبان کے مختلف نمونے اور قواعد بیان کیے گئے ہیں۔ جبکہ دوسرے میں عروض، قافیہ، منطق، علم معانی، علم بیان وغیرہ کا ذکر ہے۔ انداز تحریر ظریفانہ ہے۔ مثلا تقطیع میں مفاعیلن مفاعیلن کی بجائے پری خانم پری خانم اور مفعول مفاعیلن مفعول مفاعیلن کی جگہ بی جان پری خانم بی جان پری خانم درج ہے۔ چونکہ یہ اردو کی پہلی قواعد ہے اس لیے اس کا درجہ بلند ہے۔