زیر نظر کتاب "حیات شیخ العالم و تذکرہ سجادگان" مبین احمد فاروقی منظر کی لکھی ہوئی کتاب ہے۔ اس کتاب میں دعوت و ارشاد اور مشہور ولی کامل شیخ العالم حضرت مخدوم احمد عبد الحق رودولوی کے حالات زندگی اور ان کے فیوض و برکات بیان کیے گئے ہیں۔ در اصل مصنف نے پہلے "شیخ احمد عبد الحق رودولوی شخصیت اور سیرت " کے نام سے کتاب شائع کی تھی۔ مگر بعد میں جامعہ چشتیہ خانقاہ حضرت شیخ العالم کے شعبہ نشرو اشاعت نے دوبارہ اس کتاب کو جب شائع کیا تو تھوڑے سے حذف و اضافہ کے ساتھ "حیات شیخ العالم" نام رکھا، اس کے علاوہ اس جدید اشاعت میں حضور شیخ العالم کے 18 سجادگان کا تذکرہ بھی شامل کیا گیا ہے جس سے اس کتاب کی اہمیت اور دو بالا ہوجاتی ہے۔ شروع میں شاہ مبین احمد فاروقی کا لکھا ہوا دیباچہ بھی شامل ہے ۔اس کے علاوہ "لمعات تصوف" کے عنوان کے تحت تصوف کی حقیقت اور اس کی اہمیت و ضرورت پر مختصر گفتگو بھی کی گئی ہے۔