سرزمین گجرات کو صوفیائے کرام نے اپنی رشدو ہدایت کا مرکز بنایا ۔آج ان کی مساعی کا ہی نتیجہ ہے کہ اس سرزمین پر اسلامی جاہ و جلال کے آثار نمایاں ہیں اور یہاں کی مساجد و مقبرے اسلامی فن تعمیر کی نمائندگی کررہے ہیں ۔ اس کتاب میں انہی صوفیائے کرام کے حالات و خصائل، صوفیانہ نظریات، درویشانہ لطائف و نکات ، تعلیمات و کمالات اور کشف و کرامات کا ذکر ہے ۔ نیز دوسری مختلف النوع معلومات کو اختصار کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ کتاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے کے باب اول میں اسلامی تصوف اور باب دوم میں گجرات میں تصوف کی روشنی کے تحت بہترین تاریخی گفتگو عالمانہ انداز میں کی گئی ہے۔ اس کے دوسرے حصے میں ۱۰۷ ابواب ہیں اور گجرات کی سرزمین پر روشنی پھیلانے والے بزرگان دین کا تذکرہ تفصیل سے کیا گیا ہے ۔اس کے تیسرے حصے میں ان نیک روح بزرگ اور پاک طینت خواتین کا ذکر ہے جنہوں نے سرزمین گجرات کو اپنے درویشانہ اعمال سے منور کیا۔ جوں جوں کتاب کا مطالعہ کرتے جائیں گے ،عالم فانی کی بے ثباتی کا تیقن دل میں موجزن ہوتا جائے گا اور پھر وہ وقت بھی آسکتا ہے جب دنیا آپ کے تخیل میں بے معنی ہوکر رہ جائے ۔
Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi
Get Tickets