آنکھوں میں تصور میں جو وہ ماہِ مبیں ہے
آنکھوں میں تصور میں جو وہ ماہِ مبیں ہے
دنیا بھی حسیں ہو گی عقبیٰ بھی حسیں ہے
قندیلِ حرم، حسنِ ازل، شمعِ مبیں ہے
اللہ کا محبوب حسینوں کا حسیں ہے
کھانے کے لیے جس کی غذا نانِ جویں ہے
کونین کی دولت کے خزانوں کا امیں ہے
ملتا ہے خدا بھی جہاں محبوبِ خدا بھی
وہ گنبدِ خضرا ہے مدینے کی زمیں ہے
کس کس طرح آتا ہے نظر اہلِ نظر کو
اس روضۂ پُر نور میں جو پردہ نشیں ہے
سرکار دو عالم کا ہو ثانی بھی کہاں سے
ایسا کوئی دنیا میں ہوا بھی تو نہیں ہے
سینہ ہے کہ گنجینۂ اسرار الٰہی
چہرہ ہے محمد کا کہ قرآنِ مبیں ہے
نظروں میں بھی آجاؤ کبھی پردہ ہٹا کر
نزدیکِ رگِ جاں ہو مجھے یہ تو یقیں ہے
کچھ اور ہی ہوتی ہیں محبت کی نمازیں
جھکتی ہے جو محرابِ حرم میں وہ جبیں ہے
ظاہر میں ہے نا محرم دیدار سے پردہ
آنکھیں کوئی رکھتا ہو تو پردا بھی نہیں ہے
اے جذبِ محبت ذرا ہشیار، خبردار
یہ عرش کی منزل ہے یہ روضہ کی زمیں ہے
کیا عِشق نبی سے ہے مقامِ دل عارفؔ
یہ مرکز ایماں ہے یہی مرکزِ دیں ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.