"رباعیات غالب" مترجم التفات امجدی: ایک تبصرہ
"رباعیات غالب" مترجم التفات امجدی: ایک تبصرہ
ڈاکٹر رضوان اللہ آروی
MORE BYڈاکٹر رضوان اللہ آروی
ڈاکٹر سید شاہ التفات امجدی بہار کے ایک ایسے برگزیدہ صوفی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں علم وادب اور تصوف و عرفان کے ساتھ صوفیانہ شاعری کی قدیم اور ثروتمند روایت رہی ہے ۔سیوان میں ان کی خانقاہ امجدیہ، بہار کی چند ایسی امتیازی شان کی حامل خانقاہوں میں سے ایک ہے جہاں باضابطہ دارالاشاعت قائم ہے اور جہاں سے علم و عرفان کی نشر و اشاعت کے ساتھ علمی و ادبی نیز متصوفانہ موضوعات پر کتابوں کی طباعت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔چنانچہ خانقاہ امجدیہ کے دارالاشاعت کے زیر اہتمام وہاں کے بزرگوں کی اور خود التفات امجدی کی کئی کتابیں شائع ہو کر منظر عام پر آ چکی ہیں اور کئی کتابیں زیر طبع ہیں، ان کے جد اعلیٰ حضرت مولانا سید شاہ تصدق علی اسد چشتی صابری امجدی قدس سرہ اردو ،فارسی کے ایک با کمال شاعر تھے جن کے کلام پر التفات امجدی کی تضمین خود ان کی کتاب ’ سروش غیب‘ میں شامل ہے، ان کے خانوادے کی یہ علمی و ادبی وراثت اپنے جمالیاتی کیف اور فنی کمال کے ساتھ التفات امجدی تک منتقل ہوئی ہے جس میں خود ان کے شعری ذوق اور صوفیانہ مزاج و منہاج نے خاصا نکھار پیدا کیا ہے۔
التفات امجدی نے شاعری کی مختلف اصناف پر طبع آزمائی کی ہے لیکن ان کا اصل شاعرانہ جوہر صنف رباعی میں کھل کر سامنے آیا ہے جس سے انہیں فطری مناسبت ہے، چنانچہ ممتاز مصنف اور محقق جناب مولانا سید شاہ ہلال احمد قادری نے سروش غیب کی ’تقدیم‘ میں التفات امجدی کو بنیادی طور پر رباعی کا شاعر قرار دیتے ہوئے رباعی گو شعرا میں انہیں ممتاز مقام کا حامل قرار دیا ہے اور ان کے شاعرانہ اوصاف کی تحسین کی ہے، التفات امجدی کی رباعیوں کے کئی مجموعے شائع ہو کر علمی و ادبی حلقوں میں مقبول ہوچکے ہیں۔
صنف رباعی میں التفات امجدی کا یہ امتیاز و اختصاص غالب کی فارسی رباعیات کے منظوم ترجمہ میں مزید نکھر کر سامنے آیا ہے جس میں غالب کی نکتہ پروری اور مضمون آفرینی کو انہوں نے اسی اسپرٹ کے ساتھ اپنے ترجمہ میں پیش کیا ہے جو مرزا غالب کی شاعری کا نشان امتیاز ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اردو اور فارسی دونوں زبانوں کے مزاج آشنا ہیں، اردو فارسی کے علاوہ التفات امجدی نے ہندی لفظیات سے بھی جا بجا استفادہ کیا ہے اور نہایت سلیقے اور برجستگی سے انہیں اپنے ترجمہ میں برتنے کی کامیاب کوشش کی ہے، لفظیات کے انتخاب اور استعمال کے سلسلہ میں ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ ترجمہ نگار نے بعض الفاظ کو coin بھی کیا ہے جو ان کے مخترع ذہن کا کمال ہے مثلاً ’چوپائے چریں‘‘ (چوپائے چریں جیسے علف زار فراخ ) التفات امجدی نے غالب کی ایسی لفظیات اور تر کیب و اضافت کو اپنے ترجمہ میں اسی طرح بر قرار رکھا ہے جن سے اردو والے بھی مانوس ہیں، اس سے ان رباعیوں کے حسن میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ان کے معانی و مفاہیم کی تفہیم بھی آسان ہو گئی ہے۔یہاں تک کہ انہوں نے غالب کے بعض ایسے مصرع کو مکمل اپنے ترجمہ میں ترجمہ کے بغیر نقل کر دیا ہے جس کو سمجھنے میں اردو داں طبقہ کو بھی کوئی دشواری نہیں ہوتی اور موزونیت اور ترسیل میں کوئی فرق بھی نہیں آتا، مثلاً
شب چیست! سویدائے دل اہل کمال (شب کیا ہے! سویدائے دل اہل کمال)
مرزا غالب کی فارسی رباعیات ،موضوعاتی اور جذباتی اعتبار سے متنوع کیفیات کی حامل ہیں، اگرچہ اس کا غالب حصہ تصوف اور اس کے تلازمات پر مشتمل ہے، تاہم بعض رباعیاں عشقیہ، طنزیہ، ظریفانہ، رندانہ، دعائیہ اور فلسفیانہ ہونے کے ساتھ انسانی جذبات کے مختلف shades کی عکاسی کرتی ہیں۔ان میں مسرت و شادمانی بھی ہے، غم و افسردگی بھی ،پند و نصائح کی آمیزش بھی اور تہنیت و مبارکبا دکی چاشنی بھی۔خاص بات یہ ہے کہ غالب کی ان متنوع کیفیات کی عکس ریزی التفات امجدی کے ترجمہ میں فطری انداز میں ہوئی ہے گویا ایک طرف انہوں نے غالب کی فارسی رباعیات کا ترجمہ بھی کیا ہے اور دوسری طرف ان کے جذبات کی ترجمانی بھی کی ہے۔التفات اپنے منظوم ترجمہ میں لفظی ترجمہ سے گریز کرتے ہوئے نظر آتے ہیں اور اپنی ساری توجہ معانی و مفاہیم کی ترجمانی پر مرکوز رکھتے ہیں۔اسی لئے بعض مقامات پر انہوں نے شعر؍ مصرع کی تقلیب بھی کر دی ہے یعنی پہلے شعر کا ترجمہ بعد میں کر کے بعد کے مصرع کا ترجمہ پہلے کر دیا ہے، اس سے شعر کی تفہیم مزید آسان ہو گئی ہے۔ ان کی یہ ہنر مندی وہاں پر زیادہ نمایاں ہوتی ہے جب وہ ایک ہی لفظ کو مختلف معانی میں استعمال کرتے ہیں، بالکل غالب کی طرح، غالب سے ذہنی ہم آہنگی اور ان کے مضامین و موضوعات سے ہم رنگی، صنف رباعی سے التفات امجدی کی خصوصی دلچسپی اور اس کے متصوفانہ مضامین سے فطری وابستگی کا نتیجہ ہے، التفات امجدی غالب کے اشعار کو لفظی سطح پر پڑھتے ہیں اورنہ اس سطح پر اس کا ترجمہ کرتے ہیں، وہ پہلے اشعار کے مفہوم کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں اور پھر منشأ شاعر کو گرفت میں لے کر اس کو اردو کے قالب میں ڈھالتے ہیں، ترجمہ نگار کی یہ روش غالب کے اشعار کو لفظیاتی سطح سے اوپر اٹھا کر معنیاتی سطح پر لا کھڑا کرتی ہے اور یہی معنوی اکتشاف التفات امجدی کی ترجمہ نگاری کا انفراد و امتیاز ہے۔
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.