اردو میں زندہ نثر کی ایک ایسی کتاب بھی ہے، جس کا جادو دو سو سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود قائم ہے اور جس کی شہرت و مقبولیت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔ اس کتاب نے اردو نثر کو ایک نئی سمت اور روشنی دی ہے۔ وہ کتاب بنیادی طور پر ترجمہ ہے مگر اس کی شہرت اصل کتاب سے کہیں زیادہ ہے۔ ترجمہ اتنا خوبصورت اور سلیس ہے کہ طبع زاد کا گمان گزرتا ہے اور اس کی خوبی یہ ہے کہ اس ترجمہ کا نہ صرف انگریزی میں ترجمہ ہوا بلکہ اردو کے مشہور محقق گارساں دتاسی نے فرانسیسی میں اس کا ترجمہ کیا۔ گفتگو کی زبان میں لکھی گئی یہ کتاب ’باغ و بہار‘ کے نام سے مشہور ہے۔ اس کے مصنف میرامّن فورٹ ولیم کالج کلکتہ کے ہندوستانی شعبے میں تیسرے درجے کے ملازم تھے اور ان کی تنخواہ بھی دوسرے مصنفین اور مترجمین کے مقابلے میں معمولی تھی مگر محنت اور لگن نے میرامّن کے باغ و بہار کو آج بھی سرسبز رکھا ہے۔
میرامّن دہلی میں 1748 کے لگ بھگ پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان شہنشاہ ہمایوں کے زمانے سے عالمگیر ثانی کے عہد تک منصب داروں میں شامل رہا ہے۔ ان کے پاس اچھی خاصی جاگیر تھی مگر سورج مل جاٹ نے ان کی جاگیر چھین لی، ادھر احمد شاہ درّانی نے اس طرح تباہی مچائی کہ سب کچھ تاراج ہو گیا۔ میر امّن پر مصیبتوں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ وہ کسی طرح عظیم آباد (پٹنہ) پہنچے۔ وہاں کچھ برس قیام کیا مگر وہاں بھی حالات نے ساتھ نہیں دیا۔ مجبوراً کلکتہ کا سفر کرنا پڑا۔ وہاں بھی کچھ دن بیکاری میں گزارے۔ اس کے بعد نواب دلاور جنگ نے اپنے چھوٹے بھائی میر کاظم خاں کی اتالیقی پر مامور کر دیا۔ یہاں بھی دو سال کے بعد طبیعت اچاٹ ہو گئی۔ یہاں کے بعد میر بہادر علی حسینی کے توسط سے جان گل کرسٹ سے شناسائی ہوئی اور میرامن فورٹ ولیم کالج میں ملازم ہو گئے۔ جہاں 4 جون 1806 تک تصنیف و تالیف کا کام کرتے رہے۔
فورٹ ولیم کالج سے وابستگی کے بعد میرامّن کو پہلا کام قصہ ’چہار درویش‘ کے اردو ترجمہ کا ملا۔ انہوں نے جان گل کرسٹ کی ہدایت کے مطابق ٹھیٹھ ہندوستانی گفتگو میں اس کتاب کا ترجمہ کیا اور اتنا عمدہ ترجمہ کیا کہ کالج کی طرف سے اس پر 500 روپیہ کا انعام دیا گیا۔ انہوں نے عطا حسین خان تحسین کے ’نو طرز مرصع‘ کو سامنے ضرور رکھا مگر اپنے طور پر اتنی تبدیلیاں کر دیں کہ اصل کتاب گم ہو گئی۔ ’باغ و بہار‘ میں چار درویشوں کی سرگزشت ہے اور آزاد بخت اس کے مرکزی کردار ہیں۔
میرامّن نے ترجمہ میں عربی، فارسی سے گریز کر کے ہندوی کا استعمال کیا ہے بلکہ دلّی کی زبان استعمال کی ہے اور مروجہ قواعد سے بھی انحراف کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ناقدین نے باغ و بہار میں قواعد کی غلطیاں بھی نکالی ہیں اور یہ لکھا ہے کہ اس میں واحد جمع اور تذکیر و تانیث کا بھی خیال نہیں رکھا گیا ہے۔ اس کے باوجود باغ و بہار کی نثر بے مثال اور بے نظیر ہے۔
’باغ وبہار‘ کے علاوہ ’گنج خوبی‘ بھی میرامّن کی ترجمہ کی ہوئی کتاب ہے۔ ملا حسین واعظ کاشفی کی ’اخلاق محسنی‘ کا یہ ترجمہ ہے مگر اسے ’باغ و بہار‘ جیسی مقبولیت نصیب نہیں ہوئی۔
میرامّن کے سوانحی حالات تذکروں میں نہیں ملتے۔ اس لیے ان کی تاریخ پیدایش کے بارے میں قطعیت کے ساتھ کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ دیگر احوال بھی نہیں ملتے۔ کہا جاتا ہے کہ 1806 میں میر امّن کا انتقال ہو ا۔
Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi
Get Tickets