صوت سرمدی سننے کے لئے اور اسے سن کر نغمہ سنج ہونے کے لئے ضروری ہے کہ قلب و ذہن کی تمام تر آلائشوں سے انسان خود کو پاک و صاف کرے۔ جب اس کا دل صاف اور خالص ہو جائے گا تو اس کا ذہن اس ذات کے بارے میں سوچنا شروع کر دیگا ۔جو مسلسل و مستقل فیکن کی صدا بلند کرتا رہتا ہے۔ مگر اس نغمہ اصلی کو سننے کے لئے بصیرت ربانی ضروری ہے۔ جس دن اسے یہ حاصل ہو جاتی ہے اسی دن سے وہ خدا کی ذات سے جو کچھ بھی استفادہ کرتا ہے اور عالم غیب سے جو کچھ سنتا ہے خود بھی نغمہ سرائی کرنے لگتا ہے۔ پھر اگر اس کو "انا الحق" کی صدا سنائی دیتی ہے تو خود بھی انا الحق کی بانگ بلند کرنے لگتا ہے۔بیدم وارثی انہیں شخصیات میں سے ایک ہیں جنہوں نے خدا کی ذات میں محو ہوکر نغمہ سرائی کی ۔ یہ ان کے ابتدائی زمانے کا کلام ہے جو ذات ربانی سے والہانہ جذب کی حالت میں لکھا گیا۔