Font by Mehr Nastaliq Web

مصنف : امام غزالی

اشاعت : 001

ناشر : دارالاشاعت، کراچی پاکستان

مقام اشاعت : کراچی

سن اشاعت : 1993

زبان : انگلش

صفحات : 134

مترجم : فضل الکریم

معاون : سمن مشرا

احیاء علوم الدین

کتاب: تعارف

امام غزالی کی تصوف پر انتہائی معرکۃ الآراء کتاب ’احیاء علوم الدین ایک ایسا محیر العقول علمی کارنامہ ہے جو کئی صدیاں بیت جانے پر بھی اپنی ندرت و فوقیت کی وجہ سے آج تک زندۂ جاوید،اور ہر طبقۂ عام و خاص میں یکساں مقبولیت کا حامل ہے۔یہ کتاب علم و ہدایت کی راہ کے متلاشی کے لئے تاریکی میں ڈوبی بے نشان منزل کا پتہ دینے والا ایک روشن چراغ ہے جو بالخصوص سالک ِ راہ ِ تصوف اور بالعموم حق کے متلاشی ہر مسلمان کی ایک اہم ضرورت ہے۔امام ِ غزالیؒ کی یہ تصنیف دین اور علم کے احیا ء کی ایسی کوشش ثابت ہوئی جس نے موافق و مخالف سب سے یکساں طور پر اپنا لوہا منوایا،اور علما ہوں یا عوام،سب کے قلوب اس کی جانب کھنچے جانے لگے اور تمام دلوں پر اس کی دھاک بیٹھ گئی۔احیاء علوم الدین مشہور بہ احیاء العلوم امام غزالی کی شہرہ آفاق کتاب ہے اس کی تعریف میں علما اسلام نے کہا ہے کہ اگر دنیا سے تمام علوم مٹ جائیں تو صرف یہ کتاب ہی کافی ہے۔ دراصل سب سے پہلے امام غزالی نے کیمیائے سعادت لکھی تھی پھر بعد میں اسی کو پھیلا کر احیاء العلوم کا نام دیا گیا۔امام محمد غزالی کی شہرہ آفاق تصنیف احیاء العلوم ظاہری وباطنی علوم پرمشتمل اوراصلاحِ نفس کرنے والی ایک مایہ ناز کتاب ہے جس کی تعریف میں بڑے بڑے ائمہ رطبُ اللسان ہیں، زیر نظر کتاب، احیاء العلوم دین کا انگریزی ترجمہ ہے جومولانا فضل الکریم نے کیا ہے یہ ترجمہ احیاء العلوم کی پہلی جلد ہے۔

.....مزید پڑھئے

مصنف: تعارف

ابو حامد محمد بن محمد غزالی (450ھ – 505ھ / 1058ء – 1111ء) اسلامی فکر و تہذیب کے ان ممتاز ترین مفکرین میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے علمِ دین کے مختلف شعبوں فقہ، اصولِ فقہ، علمِ کلام، فلسفہ اور تصوف میں ایک جامع، مربوط اور ہمہ گیر فکری نظام کی بنیاد رکھی، انہیں بجا طور پر پانچویں صدی ہجری کا وہ نابغۂ روزگار عالم کہا جاتا ہے جس کی علمی و فکری کاوشوں نے بعد کی صدیوں کے علمی مزاج اور فکری رجحانات پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
امام غزالی نے اپنی علمی زندگی کا آغاز طوس اور نیشاپور کے علمی مراکز سے کیا جہاں انہوں نے امام الحرمین الجوینی جیسے عظیم استاد کے زیرِ سایہ فقہ، اصول، منطق اور علمِ کلام میں غیر معمولی استعداد حاصل کی، بعد ازاں وہ بغداد کے نظامیہ مدرسہ سے وابستہ ہوئے، جہاں وہ تدریس کے منصب پر فائز ہوئے اور بہت جلد اپنے عہد کے صفِ اول کے علما میں شمار ہونے لگے، ان کے علمی حلقے میں وقت کے ممتاز فضلا شریک ہوتے تھے اور ان کے فکری اسلوب کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی، ان کی فکری زندگی کا ایک اہم مرحلہ فلسفہ اور عقلی علوم کا تنقیدی مطالعہ ہے، انہوں نے یونانی فلسفے اور اسلامی فلاسفہ کے افکار کو نہایت باریک بینی سے سمجھا اور ان پر علمی نقد پیش کیا، اسی سلسلے کی پہلی اہم تصنیف “مقاصد الفلاسفہ” ہے جس میں انہوں نے فلسفیانہ افکار کو دیانت دارانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں پیش کیا، جبکہ اس کے بعد “تہافت الفلاسفہ” میں انہی نظریات پر علمی و عقلی اعتراضات وارد کیے، جس نے اسلامی فکری روایت میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔
علمِ کلام کے میدان میں ان کی نمایاں تصانیف “الاقتصاد فی الاعتقاد” اور “قواعد العقائد” ہیں، جن میں انہوں نے اہلِ سنت و جماعت کے عقائد کو منظم، مدلل اور متوازن اسلوب میں پیش کیا، فقہ و اصولِ فقہ کے باب میں ان کی گراں قدر تصانیف “المستصفی من علم الاصول”، “الوسیط”، “الوجیز” اور “البسیط” آج بھی علمی حلقوں میں بنیادی مراجع کی حیثیت رکھتی ہیں اور شافعی فقہی روایت کے ارتقا میں سنگِ میل سمجھی جاتی ہیں۔
امام غزالی کی فکری شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو تصوف و تزکیۂ نفس سے ان کی گہری وابستگی ہے، ان کی شہرۂ آفاق تصنیف “احیا علوم الدین” اسلامی اخلاقیات، عبادات اور باطنی اصلاح کا ایک جامع انسائیکلوپیڈیا تصور کی جاتی ہے، جس میں انہوں نے دین کے ظاہری اور باطنی پہلوؤں کو یکجا کر کے ایک مکمل روحانی نظامِ فکر پیش کیا، اسی فکر کی توسیع میں ان کی دیگر اہم تصانیف “بدایۃ الہدایہ”، “منہاج العابدین”، “کیمیائے سعادت” (فارسی)، “المنقذ من الضلال”، “مشكاة الانوار”، “جواہر القرآن” اور “إلجام العوام عن علم الکلام” شامل ہیں جو ان کے فکری ارتقا کے مختلف مراحل کی نمائندگی کرتی ہیں۔
امام غزالی کی فکری امتیازی شان یہ ہے کہ انہوں نے عقل و نقل، فلسفہ و شریعت اور ظاہر و باطن کے درمیان ایک متوازن ربط قائم کرنے کی کوشش کی، ان کی تحریروں میں جہاں عقلی استدلال کی گہرائی ملتی ہے، وہیں روحانی بصیرت اور اخلاقی تربیت کا عنصر بھی پوری قوت کے ساتھ جلوہ گر ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کی تصانیف محض نظری مباحث نہیں بلکہ ایک مکمل فکری و اخلاقی نظام کی تشکیل کا ذریعہ بنیں، علمی حلقوں میں امام غزالی کو نہ صرف ایک فقیہ، متکلم اور صوفی کے طور پر یاد کیا جاتا ہے بلکہ ایک ایسے مجددِ فکر کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے جس نے اسلامی تہذیب کو محض عقلی مباحث سے نکال کر عملی اخلاق اور روحانی تربیت کی طرف متوجہ کیا، ان کے بارے میں متعدد علما نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنے عہد کے سب سے زیادہ اثر انگیز اور جامع الابعاد مفکر تھے، امام غزالی 505ھ میں طوس میں وفات پا گئے۔

.....مزید پڑھئے

مصنف کی مزید کتابیں

مصنف کی دیگر کتابیں یہاں پڑھئے۔

مزید
بولیے