آسی الدنی
نام عبدالباری،آسی تخلص۔پہلا تخلص عاصی۔ ۱۸۹۳ء میں الدن، تحصیل ہاپوڑ، ضلع میرٹھ میں پیدا ہوئے۔ فارسی اور عربی کی تعلیم حاصل کی۔ مولانا محمد حسن محدث دیوبندی سے بھی بعض کتب حدیث وفقہ کا استفادہ کیا۔ ۱۹۰۸ء میں دہلی میں حکیم نواب جان سے کتب طب پڑھیں اور ان کے مطب میں نسخہ نویسی بھی کرتے رہے۔ ۱۹۱۲ء میں دفتر اخبار’’ہمدرد‘‘ دہلی میں کام کرتے رہے۔۱۹۱۰ء میں ناطق گلاوٹھی کے شاگرد ہوئے۔ ناطق نے سب سے پہلے ان کے تخلص میں اصلاح فرمائی یعنی ’عاصی‘ کے بجائے ’آسی‘ تجویز کیا۔ دسمبر ۱۹۱۳ء میں لکھنؤ چلے آئے اور مستقل سکونت یہیں اختیار کی۔ انھوں نے دو غزلوں پر براہ راست داغ سے بھی اصلاح لی تھی۔ آسی نے تمام صنف سخن میں طبع آزمائی کی۔ ان کی تصانیف کی تعداد تیس سے زیادہ ہے۔ شرح دیوان غالب، ترجمہ وشرح دیوان حافظ، شرح تحفۃ الحراقین ، لخت اردو، تذکرہ خندۂ گل( ظریف شاعروں کا تذکرہ) ان کی مشہور کتابیں ہیں۔ شعراء کی کافی تعداد نے آپ سے کسب فن کیا۔ ان میں شوکت تھانوی، شہید بدایونی، مجروح سلطان پوری قابل ذکر ہیں۔ ۱۰؍جنوری ۱۹۴۶ء کو آسی الدنی لکھنؤ میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔
Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi
Get Tickets