Font by Mehr Nastaliq Web

ایسا نہ ہو پھر ہوش بگڑ جائے کہیں آج

عبدالرحمٰن سحر

ایسا نہ ہو پھر ہوش بگڑ جائے کہیں آج

عبدالرحمٰن سحر

MORE BYعبدالرحمٰن سحر

    ایسا نہ ہو پھر ہوش بگڑ جائے کہیں آج

    تصویر ترے کھینچے تو صورت گر چیں آج

    مایوس تھے ہم وصل سے اے ماہ جبیں آج

    دو بج گئے اب کس کو نہ تھا آنے کا یقیں آج

    بدنام کوئی ہم سا زمانہ میں نہیں آج

    سچ ہے کہ برے سب سے ہیں دنیا میں کہیں آج

    روشن کرے گھر کو مرے وہ ماہ جبیں آج

    تاثیر دکھا اپنے تو اے آہ حزیں آج

    ارمان شب وصل میں سب دل کے نکالے

    کہتے رہے وہ لاکھ نہیں آج نہیں آج

    ہم خوب سمجھتے ہیں تجھے او بت عیار

    پھر کل کی طرح تونے نکالا ہے نہیں آج

    ساقی تری آنکھوں نے یہ مدہوش کیا ہے

    رکھتا ہوں کہیں پاؤں تو پڑتا ہے کہیں آج

    کیوں پھرتی ہیں بیکس کی طرح حسرت و ارماں

    گاڑا ہے فلک تونے کسے زیر زمیں آج

    خاتم کا پتاہے یہ سلیماں کا نشاں ہے

    باقی نہ رہا نام کوئی نقش نگیں آج

    ہم چشم نہیں تھا تو بھلا داد تو دیتا

    افسوس کہ فرہاد نہیں قیس نہیں آج

    نیرنگی عالم نے عجب رنگ جمایا

    مٹی کے تلے سوتے ہیں اورنگ نشیں آج

    تیر نگہ یار نے کیا ڈھونڈ کے مارا

    چلاّتے ہیں دل تھامے ہوئے گوشہ نشیں آج

    عاشق تو کسی بت پہ سحرؔ تم نہ ہوئے ہو

    کیا حال ہے کیوں بیٹھے ہو بیتاب حزیں آج

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے