ہم کس طرح سے وصفِ رخ ماہ رو کریں
خورشید کا دہن ہو تو کچھ گفتگو کریں
سنبل خجل ہو مشک ختن کا جگر ہو خوں
اوصاف زلف یار کا گر موبمو کریں
مضمون کمر کا اس کے کریں کیا تلاش ہم
عنقا کسے ملا ہے جو ہم جستجو کریں
زاہد کا اک مقام ہے اک برہمن کی جا
کعبہ کا قصد دیر کی کیا آرزو کریں
تیرا ہی جب ظہور ہے کون و مکان میں
سجدہ تجھے روا ہے جو ہم چار سو کریں
تاثیر ہے دہان میں ان کے مسیح کی
ہوتی ابھی شفا ہے مجھے گر وہ چھو کریں
طاقت نہیں عطاؔ ہمیں اب ضبط کی ذرا
جی چاہتا ہے خوب فغاں کوبکو کریں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.