میں بندۂ ناچیز یہ کیا مانگ رہا ہوں
میں بندۂ ناچیز یہ کیا مانگ رہا ہوں
قطرے میں سمندر کی ادا مانگ رہا ہوں
یہ فقر کی معراج ہے یا حد سے گزرنا
میں کچھ بھی نہیں اور خدا مانگ رہا ہوں
میں جوہرِ ہستی کی حقیقت کو گنوا کر
اس وحدتِ مطلق کا سرا مانگ رہا ہوں
بھٹکا ہوا نکلا تھا میں رستوں کی طلب میں
اب اپنی ہی منزل کا پتا مانگ رہا ہوں
مل جائے مجھے دیدۂ بینا کی بصیرت
میں عکسِ حقیقت کی ضیا مانگ رہا ہوں
مٹ جائے مری ذات، رہے تیرا ہی جلوہ
میں ایسی تڑپ، ایسی فضا مانگ رہا ہوں
حرفوں کی اسیری سے رہائی کی طلب میں
میں لفظ سے آگے کی صدا مانگ رہا ہوں
جو حرف و حکایت کے طلسمات کو توڑے
میں ایسی ہی بے نام ندا مانگ رہا ہوں
خاموش لرزتے ہوئے ہونٹوں کی پکاریں
خالق سے میں توفیقِ ادا مانگ رہا ہوں
اک سجدۂ بے نام میں گم ہو کے خدایا
میں اپنی ہی ہستی سے فنا مانگ رہا ہوں
اک قالبِ خاکی میں مقید ہوں فیاضؔ
اور خود سے نکلنے کی دعا مانگ رہا ہوں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.