Font by Mehr Nastaliq Web
Sufinama

ذکر میرا ان کی محفل میں ہے میں شامل نہیں

فانیؔ گورکھپوری

ذکر میرا ان کی محفل میں ہے میں شامل نہیں

فانیؔ گورکھپوری

MORE BYفانیؔ گورکھپوری

    ذکر میرا ان کی محفل میں ہے میں شامل نہیں

    واہ رے قسمت کہ میں خارج نہیں داخل نہیں

    جینے سے منھ پھیرتا اب تک ترا بسمل نہیں

    دم تری تلوار کا تو اس میں اے قاتل نہیں

    حسن کے کوچے میں کیا اب کوئی اس قابل نہیں

    سر بکف پھرتے ہیں ہم لیکن کوئی قاتل نہیں

    قتل ہونا عاشقوں کوہے وصالِ جاوداں

    جادئہ ملک بقاہے خنجرِ قاتل نہیں

    رہروانِ راہِ الفت کو اقامت سے غرض

    تا ابد پہنچیں جہاں وہ عشق کی منزل نہیں

    کیوں نہیں باہر نکلتی حسرتِ وصلِ صنم

    یہ کوئی لیلیٰ نہیں ہے دل کوئی محمل نہیں

    دل ہجومِ آرزو میں بھی ہے خالی غیر سے

    بزم میں خلوت ہو ایسی آپ کی محفل نہیں

    تیرگی بھی حسن کی آنکھوں میں کرتی ہے جگہ

    خالِ رخسارِ صنم ہے آنکھ کا یہ تل نہیں

    آپ کے دل میں عدو ہے آپ میرے دل میں ہیں

    غیر کا گھر دل کو کہنا آپ کا باطل نہیں

    کہتے ہیں رہتا ہے تیرے دل میں ارمان وصال

    غیر کا گھر ہے یہ میرے رہنے کے قابل نہیں

    نزع میں مشکل کشا کا نام ہو وردِ زباں

    جو نہ ہو آسان ایسی توکوئی مشکل نہیں

    دل کے بدلے یار کی الفت مرے سینے میں ہے

    عشق میں گو دل گیاہاتھوں سے میں بے د ل نہیں

    کیوں چھپی بیٹھی ہے بزم ِ تعزیت میں زیر لب

    کیا مرے پھولوں میں اے گل ر و ہنسی شامل نہیں

    غرق ہو جاتے ہیں دریائے فنا میں قصر تن

    سیل ہستی ہے یہ آبِ خنجر قاتل نہیں

    اس کے اندر جلوئہ بے رنگ ہے قطرے کی طرح

    دل میں وہ دریا ہے گم جس کا کوئی ساحل نہیں

    رفتہ رفتہ بے خو دی پہنچی یہاں تک عشق میں

    وصل کی پروا نہیں دیدار کا سائل نہیں

    اب یہ ہے الزام مر کر خاک میں تو کیوں ملا

    ہم نے تجھ سے تو کہا تھا تو کسی سے مل نہیں

    بے خودی کو حشر تک کافی ہے گردش آنکھ کی

    مے کدے میں بادئہ گل رنگ کا سائل نہیں

    اپنی ہستی کو مٹانا ہی وصالِ یار ہے

    جز فنا فانیؔ مگر کچھ عشق کا حاصل نہیں

    مأخذ :
    • کتاب : دیوان فانی
    • اشاعت : Second

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے