الٹو نقاب رخ سے مری جاں کسی طرح
الٹو نقاب رخ سے مری جاں کسی طرح
محجوب ہو تو یہ مہ تاباں کسی طرح
ہوتا جو روز وصل نمایاں کسی طرح
رہتی نہ کلفت شب ہجراں کسی طرح
گلشن کی سیر کیجیے جاجا کے خوش قدو!
صحن چمن ہو حشر کا میداں کسی طرح
قائل ہوں معجزہ کا جو ہنس ہنس کے ایک دن
بشگفتہ کیجیے چمنستاں کسی طرح
رضواں نے چھوڑی روضۂ جنت کی آرزو
دیکھا جو اس نے کوچۂ جاناں کسی طرح
یا رب کہیں چڑھے بھی وہ تیغ ادا پہ باڑھ
نکلیں ہمارے دل کے بھی ارماں کسی طرح
مجنوں نے جا کے عمر گنوائی ہے دشت میں
ہم بھی کریں تو سیر بیاباں کسی طرح
ہوتی اگر سلاسل گیسو کی جستجو
آباد کرتے خانہ زنداں کسی طرح
بے یار خار شب کو ہے تفریح بوستاں
کی گرچہ دن کو سیر گلستاں کسی طرح
سیارہ بن کے آئے جو اب کے برس بہار
ثابت نہ رہنے دے گی گریباں کسی طرح
ارشادؔ اپنا خانہ دل وصل و فصل میں
آباد کوئی طرح ہے ویراں کسی طرح
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.