دل مرا کیوں کر خیالِ زلفِ جاناں چھوڑ دے
دل مرا کیوں کر خیالِ زلفِ جاناں چھوڑ دے
غیر ممکن ہے پریشاں کو پریشاں چھوڑ دے
مرتبہ میں ہو ملائک سے وہ بالا تر کہیں
اپنی نخوت کو اگرنادان انساں چھوڑ دے
دیکھ آئے پھر نہ عالم میں کہیں طوفانِ نوح
اشکباری رات دن اے چشمِ گریاں چھوڑ دے
شوخئی رفتارِ جاناں پر جو پڑ جائے نگاہ
شاخ کو گل باغ کو سر و خراماں چھوڑ دے
بھر گئی ہے اس کے سر میں تیرے کوچہ کی ہوا
کیوں نہ پھر بادِ صبا سیرِ گلستاں چھوڑ دے
پوچھتا ہے حسن دختِ زر کی ناحق خوبیاں
دیکھ لے اک دن جو واعظ دین و ایماں چھوڑ دے
تھی سکندر کو حیات جاودانی کی نہ قدر
ورنہ کیوں کوئی پہنچ کر آبِ حیواں چھوڑ دے
اور بھی تیری طرح ہیں سیکڑوں مشتاقِ دید
سامنا اب رخ کا اے زلفِ پریشاں چھوڑ دے
دیکھ پائے خواب میں بھی گر رخِ گل رنگ یار
بلبل بیتاب خجلت سے گلستاں چھوڑ دے
بے زباں رہ جائے کیوں ظالم دہان زخم دل
کاش سینہ میں مرے ایک اپنا پیکاں چھوڑ دے
ہے اگر مسعودؔ شوقِ لذت نانِ جویں
چھوڑ دے غیروں کی نعمتہائے الواں چھوڑ دے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.