شب غم چاک دامن کا نمایاں ہوتا جاتا ہے
شب غم چاک دامن کا نمایاں ہوتا جاتا ہے
مرا دامن بھی اب یوسف کا داماں ہوتا جاتا ہے
ادھر ہیجان پر جذبات ہیں قلب شکستہ کے
اُدھر اس شوخ کا گیسو پریشاں ہوتا جاتا ہے
چمکتے جا رہے ہیں تار گیسو تابش رخ سے
سوادِ زلف شبگوں نور ایماں ہوتا جاتا ہے
قیامت بن گیا فرقت میں آنسو کا ٹپک جانا
بلا کا ہے یہ قطرہ بڑھ کے طوفاں ہوتا جاتا ہے
گزرتا جا رہا ہے فرط غم میں عرش سے ہو کر
اک اک نالہ نشانِ حد امکاں ہوتا جاتا ہے
گل شاداب بنتے جا رہے ہیں داغ سینے کے
اک اک چاک جگر رشک گلستاں ہوتا جاتا ہے
قتیلؔ اس مصحف رخ کی محبت واہ کیا کہنا
اک اک پارہ دلِ مضطر کا قرآں ہوتا جاتا ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.