Sufinama

نہیں ممکن رسائی لا مکاں تک

امیر مینائی

نہیں ممکن رسائی لا مکاں تک

امیر مینائی

MORE BYامیر مینائی

    نہیں ممکن رسائی لا مکاں تک

    نشاں کس طرح پہنچے بے نشاں تک

    تری سفاکیاں پہنچیں یہاں تک

    کہ ڈرتی ہے حیات جاوداں تک

    کروں ضبط نفس ہمدم کہاں تک

    لگی ہے آگ اک دل سے زباں تک

    پہنچ جائے اگر مجھ سخت جاں تک

    تو مانگے موت مرگ ناگہاں تک

    میں ہوں وہ ناتواں جب آہ کھینچی

    تو ٹھہری سو جگہ دل سے زباں تک

    کڑی ہے اس قدر منزل عدم کی

    کہ مر مر کر پہنچتے ہیں وہاں تک

    بہار آخر ہے اور میں بے پر و بال

    قفس سے ڈاک بیٹھے آشیاں تک

    میں ہوں اس انجمن میں شمع تصویر

    کہ سوز دل نہیں آتا زباں تک

    ہزاروں حسرتوں کا ہو گیا خوں

    کہاں تک پاس رسوائی کہاں تک

    مری واماندگی کہتی ہے مجھ سے

    پہنچنا ہو چکا اب کارواں تک

    غش آیا زاہد و مسجد میں بے مے

    چلو لے کر مجھے پیر مغاں تک

    ترے قربان اے بیتابیٔ دل

    مجھے پہنچا دے اس کے آستاں تک

    مکان یار تک قاصد نہ پہنچا

    گئے کیسے پیمبر لا مکاں تک

    بہت ہی زور پر ہے وصل کا شوق

    نزاکت آڑے آئے گی کہاں تک

    میں وہ دل سوختہ ہوں اس چمن میں

    جلے بجلی جو آئے آشیاں تک

    نہیں کچھ تیغ قاتل ہی کشیدہ

    خفا ہے مجھ سے مرگ ناگہاں تک

    نہ پائی گرد نالوں نے اثر کی

    زمیں سے خاک چھانی آسماں تک

    جو یوں آنے نہ دے اس کی گلی میں

    تو پہنچوں خواب بن کر پاسباں تک

    تڑپنے سے مرے تنگ آکے بولے

    تسلی دے کوئی تجھ کو کہاں تک

    کہاں ہم اے امیرؔ اب اور کہاں داغؔ

    یہ جلسے ہو چکے خلد آشیاں تک

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے