Font by Mehr Nastaliq Web

وہ درد چاہیے مولیٰ کہ چارہ ساز رہے

عاصی کرنالی

وہ درد چاہیے مولیٰ کہ چارہ ساز رہے

عاصی کرنالی

MORE BYعاصی کرنالی

    وہ درد چاہیے مولیٰ کہ چارہ ساز رہے

    اک ایسی آنچ عطا کر کہ دل گداز رہے

    ترا ہی عشق ہو دارین میں مری پہچان

    یہاں وہاں یہی تمغائے امتیاز رہے

    یہی بہشتِ سماعت یہی بہشتِ کلام

    حدیثِ دوست ترا سِلسلہ دراز رہے

    تری صفاتِ کرم جب خدا نے کیں تحریر

    لکھا ترا درِ رحمت ہمیشہ باز رہے

    اور اس کے بعد بصد انبساط و ناز و نشاط

    تری نگاہ کو لکھا کہ کارساز رہے

    زباں کا وصف یہ ٹھہرا کہ دل کشائی کرے

    بیاں کی شان یہ ٹھہری کہ دل نواز رہے

    صفات نامے کے آخر میں یوں کیا ارقام

    حریمِ ناز رہے رونقِ نیاز رہے

    یہ ان کا شہرِ تجلی یہ کثرتِ جلوہ

    پلک نہ جھپکے لگاتار چشم باز رہے

    ہجومِ جلوہ میں اپنے لیے دعا نکلی

    خدا کرے کہ مری زندگی دراز رہے

    نہ لکھ سکے تری مدحت میں ایک موزوں سطر

    اگر زمانہ ابد تک رقم طراز رہے

    تقربِ شبِ معراج کس کی عقل میں آئے

    اگر خدا ہی یہ چاہے کہ راز راز رہے

    میں اب ہمیشہ ہمیشہ رہوں گا محوِ درود

    نظامِ وقت خلل ڈالنے سے باز رہے

    خلوصِ دل سے کوئی نعت ہی کہوں عاصیؔ

    گناہ گار ہوں بخشش کا کچھ جواز رہے

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے