مالکِ ارض و سما فرمانِ راحت بھیج دے
مالکِ ارض و سما فرمانِ راحت بھیج دے
آسمانوں سے زمیں پر اپنی برکت بھیج دے
کثرتِ غم میں ذرا سا سکھ ادھوری سی خوشی
آدمی دوزخ میں ہے تھوڑی سی جنت بھیج دے
اے خدا بادل ترے قاصد ہوا تیری سفیر
تو کسی اچھے سے موسم کی بشارت بھیج دے
چاند تیری مسکراہٹ کہکشاں آغوشِ وا
آدمی کے دل کی جانب یہ صداقت بھیج دے
اپنی صبحوں کو صباحت بخشنے والے کریم
ہم پہ بھی اپنے اجالوں کی سفارت بھیج دے
اب نہیں ہوگا رسولانِ محبت کا ظہور
کبریا اپنے رسولوں کی محبت بھیج دے
ہم زبانِ بے صدا ہم خامۂ بے نقش و رنگ
کوئی لفظ ارسال کر کوئی عبارت بھیج دے
جب کسی ٹہنی پہ دھڑکے پھول کا ننھا سا دل
اس گلِ نورس کو حکمِ استقامت بھیج دے
زخمِ دل پر ہاتھ رکھ کر زندگی جب مسکرائے
اپنے سارے رنگ اپنی سب لطافت بھیج دے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.