روضۂ اقدس پہ ان کے جو کبھی اک نعت ہو
روضۂ اقدس پہ ان کے جو کبھی اک نعت ہو
زندگی کا میری سرمایہ یہی اک نعت ہو
دور رہنے پر جو اک حرفِ تمنا لب پہ ہے
آپ کے قدموں پہ سر ہو تو وہی اک نعت ہو
اتباعِ احمدِ مرسل اگر شیوہ بنے
میرا ایماں ہے کہ میری بندگی اک نعت ہو
آپ کی خدمت میں گر حاضر رہوں شام و سحر
کیسے نہ پھر میری ساری زندگی اک نعت ہو
ماہ و انجم، عندلیب و گل، جہان رنگ و نور
جیسے یہ نقاشِ فطرت کی کہی اک نعت ہو
ہر زباں کے خوبصورت جتنے بھی الفاظ ہیں
دل میں ہے کہ ہوں اگر یکجا سبھی اک نعت ہو
یادِ احمد مجتبیٰ نورِ ہدی صلِ علیٰ
اے جمالؔ آتی بھی دل میں ابھی اک نعت ہو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.