ہے جس کی ساری گفتگو وحیِ خدا یہ ہی تو ہیں
ہے جس کی ساری گفتگو وحیِ خدا یہ ہی تو ہیں
حق جس کے چہرے سے عیاں وہ حق نما یہی تو ہیں
سورج میں جن کی ہے چمک جن کا اجالا چاند میں
پھولوں میں جن کی ہے مہک وہ مہ لقا یہی تو ہیں
سارا جہان چھوڑ دے جس مجرمِ دید کار کو
دامن میں ان کے وہ چھپے مشکل کشا یہی تو ہیں
ہر لب پہ جن کا ذِکر ہے ہر دل میں جن کی فکر ہے
گاتے ہیں جن کے گیت سب صبح و مسایہی تو ہیں
چرچا ہے جن کا چار سو ہر گل میں جن کا رنگ و بو
ہیں حسن کی جو آبرو وہ دلربا یہی تو ہیں
باغِ رسالت کی ہیں جڑ اور ہیں بہارِ آخری
مبدا جو اس گلشن کے تھے وہ منتہی یہی تو ہیں
یہ ہیں حبیبِ کبریا یہ ہیں محمد مصطفیٰ
دو جگ کو جن کی ذات کا ہے آسرا یہی تو ہیں
جس کی نہ لے کوئی خبر ہوں بند جس پر سارے در
اس کی یہ رکھتے ہیں خبر اس کی پنا یہی تو ہیں
ان کا مبارک نام بھی بے چین دل کا چین ہے
جو ہو مریضِ لادوا اس کی دوا یہی تو ہیں
گن گائیں جن کے انبیا مانگیں رسل جن کی دعا
وہ دو جہاں کے مدعی صلِ علیٰ یہی تو ہیں
سجدہ شجر جنہیں کریں پتھر گواہی جن کی دیں
دکھ درد اونٹ بھی کہیں حاجت روا یہی تو ہیں
ہے فرش کا جو بادشا ہے عرش جس کے زیر پا
سالکؔ ملا جس سے خدا وہ باخدا یہی تو ہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.