بخدا خدا سے ہے وہ جدا جو حبیبِ حق پہ فدا نہیں
بخدا خدا سے ہے وہ جدا جو حبیبِ حق پہ فدا نہیں
وہ بشر ہے دین سے بے خبر جو رہِ نبی میں گما نہیں
وہ نہاں بھی ہے وہ عیاں بھی ہے وہ چنیں بھی ہے وہ چناں بھی ہے
وہی جب بھی تھا وہی اب بھی ہے وہ چھپا ہے پھر بھی چھپا نہیں
تیری ذات میں جو فنا ہوا وہ فنا سے نو کا عدد بنا
جو اسے مٹائے وہ خود مٹے وہ ہے باقی اس کو فنا نہیں
دو جہاں میں سب پہ ہیں وہ عیاں دو جہاں پھران سے ہوں کیوں نہاں
وہ کسی سے جب کہ نہیں چھپے تو کوئی بھی ان سے چھپا نہیں
ہر اک ان سے ہے وہ ہر اک میں ہیں وہ ہیں ایک علم حساب کے
بنے دوجہاں کی وہی بِنا وہ نہیں جو ان سے بنا نہیں
کوئی مثل ان کا ہو کس طرح وہ ہیں سب کے مبدا ومنتہے
نہیں دوسرے کی جگہ یہاں کہ یہ وصف دو کو مِلا نہیں
تیرے در کو چھوڑ کدھر پھروں تیرا ہو کے کس کا میں منہ تکوں
تو غنیہے سب تیرے در کے سگ وہ نہیں جو تیرا گدا نہیں
کرو لطف مجھ پہ یہ خسروا کہ چھڑا دو غیر کا آسرا
نہ تکوں کسی کو تیرے سوا کہ کسی سے میرا بھلا نہیں
کوئی تجھ سے بچ کے کہاں رہے تیرا ملک چھوڑ کہاں بسے
تو حبیبِ رب تیری ملک سب جہاں تو نہ ہو کوئی جا نہیں
یہ تمہارا سالکِؔ بے نوا مرضِ گنہ میں ہے مبتلا
تم ہی اس برے کو کرو بھلا کہ کوئی تمہارے سوا نہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.