مہبطِ نور میں ہے نور سے ڈھالی جالی
مہبطِ نور میں ہے نور سے ڈھالی جالی
دونوں عالم میں نہیں ایسی مثالی جالی
ہم کہاں دیدِ شہِ کون و مکاں کے قابل
ہم نے پلکوں کے کناروں پہ سجالی جالی
جب سے دیکھا ہے کرم بار سنہری منظر
دھڑکنیں ورد کئے جاتی ہیں جالی جالی
قلبِ مغموم کو مسرور کیا ٹھنڈک نے
میں نے جب خواب میں سینے سے لگالی جالی
باعثِ راحت و تسکیں ہے مواجہ کی چمک
شاہ کی قربتِ پیہم سے ہے عالی جالی
روزِ محشر مرے اشکوں کی گواہی دے گی
میری آنکھوں کا وضو دیکھنے والی جالی
میں ہوں اشفاقؔ اِدھر قاسمِ نعمت ہیں اُدھر
درمیاں شاہدِ کشکولِ سوالی جالی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.