نبی کی یاد سے دو چار لمحے دور ہوجانا
نبی کی یاد سے دو چار لمحے دور ہوجانا
کسی اچھے بھلے انسان کا معذور ہوجانا
نبی کے عشق سے اے قلب یوں معمور ہوجانا
مہکنا اور مہکانا فضا کستور ہوجانا
کفِ پائے نبی سے ریت کا معمور ہوجانا
عرب کی سر زمیں کا جاگ جانا طور ہوجانا
شریعت سے حقیقت تک یہی دیکھا یہی سمجھا
نبی کا ہر قدم اسلام کا دستور ہوجانا
حدیثیں آپ کی باتیں نہیں قانونِ قدرت ہیں
کرم ہے آپ کی ہر بات کا منشور ہوجانا
دل اس منظر کو جب بھی سوچتا ہے ناچ اٹھتا ہے
نبی کا مومنوں کو دیکھنا مسرور ہوجانا
شبیہِ مصطفیٰ جس جا نظر آئے وہ جنت ہے
تعجب کیا قبورِ مومناں کا نور ہوجانا
نظر کا معجزہ گر یہ نہیں تو اور پھر کیا ہے
عمر کا یک بیک تنور سے کافور ہوجانا
ثنائے مصطفیٰ تفسیر ہے گویا رفعنا کی
خدا کا فضل ہے اس کام پر مامور ہوجانا
یہ دعویٰ بھی دلیلِ عجز بھی فیضانِ جاری بھی
نبی کی نعت کہنا اور مرا مشہور ہوجانا
مرے سرکار کی سنت میں ہے آفاقیت اظہرؔ
غلاموں کے لئے زیبا نہیں محصور ہوجانا
بہ ہر صورت رضائے مصطفیٰ حاصل کرو اظہرؔ
نبی منظور ہونا ہے خدا منظور ہوجانا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.