میں آج دیارِ پاک میں ہوں
میں آج دیارِ پاک میں ہوں
دامانِ شہِ لولاک میں ہوں
سر خم ہے مقدر سے اس جا
بیٹھے تھے جہاں محبوبِ خدا
اے شاہ ترا اک ادنیٰ گدا
ہے فرقت کا تڑپایا ہوا
بے حد عاصی شرمایا ہوا
کل دنیا کا ٹھکرایا ہوا
ہے بوجھ گناہوں کا سر پر
آتے ہی گرا ترے در پر
دنیا میں جنسِ وفا دے دے
آخر میں اپنی رضا دے دے
بے کس ہوں غم کا مارا ہوں
میں عاجز ہوں بیچارہ ہوں
اعمال سے دامن خالی ہے
یہ حال ہے بد حالی ہے
میں اشک ندامت لایا ہوں
امید شفاعت لایا ہوں
جذبات مرے سرشار ہوئے
احساس حسیں بیدار ہوئے
جنت کی فضائیں پاس مرے
روضے کی ہوائیں پاس میرے
مسرور ہے دل آزاد ہے دل
سرمت فضا ہے شاد ہے دل
دل رنج و محن کو بھول گیا
میں یادِ وطن کو بھول گیا
یہ قربِ محمد کی عظمت
اللہ کی بندے پر رحمت
وہ کون ہیں میرے پیشِ نظر
اے وقت ذرا آہستہ گزر
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.