وہ ہیں محبوبِ حق کونین میں ہے احترام ان کا
وہ ہیں محبوبِ حق کونین میں ہے احترام ان کا
ادھر بھی فیضِ عام ان کا، ادھر بھی فیضِ عام ان کا
نہیں غافل ہے ان کی یاد سے کوئی غلام ان کا
کسی کے لب پہ نام ان کا کسی کے دل میں نام ان کا
نماز ان کی، درود ان کا، دعا ان کی، سلام ان کا
وہ دیوانے کہ جو ہر سانس میں لیتے ہیں نام ان کا
محمد کاشفِ رازِ الٰہی بن کے آئے ہیں
کلام اللہ کی تفسیر ہے حسنِ کلام ان کا
وہ آئے تو یقیں کی شاہرائیں جگمگا اٹھیں
اَدب کرتا ہے اب تک کاروانِ صبح و شام ان کا
وہ اپنے دشمنوں کو بھی لگا لیتے ہیں سینے سے
نرالا ہے زمانے بھر سے حسنِ انتقام ان کا
نبی یاد آ گئے جس دم لیا نامِ خدا میں نے
خدا یاد آگیا جس وقت آیا لب پہ نام ان کا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.