پیام حق کے پیغمبر محمد ہیں محمد ہیں
پیام حق کے پیغمبر محمد ہیں محمد ہیں
خدا کے راہ کے رہبر محمد ہیں محمد ہیں
محمد ظل سبحانی محمد سریز دانی
خدا کے نور کے مظہر محمد ہیں محمد ہیں
نہاں آنکھوں میں نور اس کا عیاں دل میں ظہور اس کا
منقش لوح سینہ پر محمد ہیں محمد ہیں
معلی تاج ہے جن کا جہاں محتاج ہے جن کا
شفیع اعظم محشر محمد ہیں محمد ہیں
عدم اور بود کے والی ہر اک موجود کے والی
کتاب حق کے سر دفتر محمد ہیں محمد ہیں
مروت کے وہ معدن ہیں عنایت کے وہ مخزن ہیں
بہ بحر مکرمت گوہر محمد ہیں محمد ہیں
زمیں پر راج تھا جن کا فلک معراج تھا جن کا
نبوت کے مہِ انور محمد ہیں محمد ہیں
وہ دنیا کے لیے ہادی ولایت کے لیے والی
فقیر و سید و سرور محمد ہیں محمد ہیں
رسول ابطحی مکی قریشی سید مدنی
جہاں میں سب سے عالی تر محمد ہیں محمد ہیں
ہوئے دیو وپری جتنے نبی ہیں آدمی جتنے
ہر اک مخلوق سے بہتر محمد ہیں محمد ہیں
زمیں ان کی فلک ان کا فلک سے عرش تک ان کا
جدھر دیکھو وہیں گھر گھر محمد ہیں محمد ہیں
وہ سرور سرورِ عالم وہ سید سید اعظم
وہ شاہنشاہ بحر و بر محمد ہیں محمد ہیں
نکو خلق و نکو خصلت نکو صورت نکو سیرت
سخن قند و زباں شکر محمد ہیں محمد ہیں
ہوا جس سے جہاں روشن مکاں اور لامکاں روشن
منور نیر اکبر محمد ہیں محمد ہیں
بوقت گرمیٔ محشر تجھے کیا غم ہے اے سرورؔ
کہ اس دن ساقی کوثر محمد ہیں محمد ہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.