حشر تک خنداں ہے گلزار بہار احمدی
حشر تک خنداں ہے گلزار بہار احمدی
پاک ہے داغ خزاں سے لالہ زار احمدی
سر ہلا سکتا ہے وہ بے سر کہاں جس کے لیے
طوق ہو گردن کا زلف پیچدار احمدی
بلبل باغ نبی کا گل سے رتبہ ہے بلند
چاند پر رکھتا شرف ہے داغدار احمدی
طالب ذاتِ محمد ہر جگہ مطلوب ہے
جابجا مخدوم ہے خدمت گذار احمدی
ہے عدواللہ بیشک دشمن ذات نبی
یار حق ہے فی الحقیقت دوستدارِ احمدی
اہلِ دل کرتے ہیں دل اپنے کو قربان رسول
اہلِ جاں ہیں جسم و جاں سے جاں نثار احمدی
کس کی ہے توقیر دنیا میں محمد کے بغیر
دین میں حاصل ہے کس کو اقتدار احمدی
مدح میں نازل ہوا ہے جس کے قرآنِ عظیم
اس سے بڑھ کر اور کیا ہو افتخار احمدی
سوز دل سے روشنی دنیا ہے بجلی کی طرح
عاشق روئے محمد بےقرارِ احمدی
دیکھیے ہوئے گا کب روضہ پہ جا کر خاک بوس
طالب دیدار سرورؔ خاکسار احمدی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.