حق نے تجھ کو بادشاہ انس و جاں پیدا کیا
حق نے تجھ کو بادشاہ انس و جاں پیدا کیا
جسم و جاں کے واسطے آرام جاں پیدا کیا
نام سب ظاہر کیے دنیا میں تیرے نام سے
اور فقط تیرے نشاں سے سب نشاں پیدا کیا
عرصہ گاہ دین و دنیا میں خدا نے آپ کو
پہلواں پیدا کیا مرد جوان پیدا کیا
صانع قدرت نے تیرے نور سے یا مصطفیٰ
کی عیاں شکل زمیں اور آسماں پیدا کیا
خانہ دار دین و دنیا کر چکے جب حق تجھے
پھر مکاں پیدا کیا اور لامکاں پیدا کیا
تیری خاطر ہوگیا وحدت کا کثرت میں ظہور
حق نے تیرے واسطے سارا جہاں پیدا کیا
سر بمہرا س دم خدانے کی رسالت کی کتاب
جب تجھے اے خاتم پیغمبراں پیدا کیا
نخلبند گلشن کون و مکاں نے یا نبی
تیرے گلشن کو فقط ہی بے خزاں پیدا کیا
شکر کر سرورؔ خدا کے واسطے سر کو جھکا
تجھ کو خالق نے نبی کا مدح خواں پیدا کیا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.