بہت اونچا ہے قسمت کا ستارا یارسول اللہ
بہت اونچا ہے قسمت کا ستارا یا رسول اللہ
مرے ہاتھوں میں ہے دامن تمہارا یارسول اللہ
ترے اسمِ گرامی نے ہمیں سنبھال رکھا ہے
یہی تو ہے غریبوں کا سہارا یا رسول اللہ
بڑا مجرم سہی لیکن مری بخشش کو کافی ہے
تری چشمِ کرم کا اک اشارا یا رسول اللہ
وہ خاطر میں نہیں لاتے کسی شاہ و تونگر کو
ترے ٹکڑوں پہ ہے جن کا گزارا یا رسول اللہ
مدد کو آپ آتے ہیں ہمیں تو ہے یقیں کامل
کڑی مشکل میں جس نے بھی پکارا یا رسول اللہ
تمہاری دید جب ہوگی مچل کر پھر یہ دیوانے
سرِ محشر لگائیں گے یہ نعرہ یا رسول اللہ
ہو تیرا امتی پھر بھی جہنم کا بنے ایندھن
تری رحمت کو ہو کیونکر گوارا یا رسول اللہ
گھرے ہیں بحرِ عصیاں کی تلاطم خیز موجوں میں
کرم کیجیے کہ مل جائے کنارا یا رسول اللہ
اماں اس کو نہیں ملتی کہ جس نے اپنی گردن سے
قلادہ تیری نسبت کا اتارا یا رسول اللہ
جلیلؔ اپنے گناہوں پر پشیماں اور نادم ہے
اب اس کی لاج رکھ لیجیے خدارا یا رسول اللہ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.