ہیں ہم چاک داماں خدائے محمد
ہیں ہم چاک داماں خدائے محمد
بہت ہی پریشاں خدائے محمد
پڑے کوئی مشکل ہمیں زندگی میں
کرے تو ہی آساں خدائے محمد
عجب بت پرستی کا ہے دور دورہ
تو دے حکم آذاں خدائے محمد
شجر ہوں حجر ہوں کہ ہوں بیل بوٹے
ہیں تیرے ثنا خواں خدائے محمد
ترے سادہ بندے گھرے گمرہی میں
سو دے اپنی پہچاں خدائے محمد
تری عظمتوں کا شناسا محمد
ہیں ان کا قدر داں خدائے محمد
محمد کا صدقہ معافی عطا کر
کھڑے ہیں پشیماں خدائے محمد
ہمیں کملی والے کی امت بنا کر
کیا تو نے احساں خدائے محمد
گھرے کوئی طوفانِ رنج و بلا میں
غموں کا ہے درماں خدائے محمد
کرم کی ہو بارش کہ پھر سے ہرا ہو
مرا نخلِ ایماں خدائے محمد
جلیلِؔ حزیں پر کرم کر الٰہی
یہ ہے غرقِ عصیاں خدائے محمد
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.