ہم سوئے حشر چلیں گے شہِ ابرار کے ساتھ
ہم سوئے حشر چلیں گے شہِ ابرار کے ساتھ
قافلہ ہوگا رواں قافلہ سالار کے ساتھ
رہ گئے منزل سدرہ پہ پہنچ کر جبریل
چل نہیں سکتا فرشتہ تری رفتار کے ساتھ
یہ تو طیبہ کی محبت کا اثر ہے ورنہ
کون روتا ہے لپٹ کر در و دیوار کے ساتھ
اے خدا دی ہے اگر نعتِ نبی کی توفیق
حسنِ کردار بھی دے لذت گفتار کے ساتھ
پل سے مجھ سا بھی گنہگار گزر جائے گا
ہوگی سرکار کی رحمت جو گنہگار کے ساتھ
رات دن بھیج سلام ان پہ ملائک کی طرح
پڑھ درود ان پہ غلامانِ وفادار کے ساتھ
دیکھ اے معترض نعتِ رسول عربی
قرب حساں کو ملا تھا انہی اشعار کے ساتھ
سب عطائیں ہیں خدا کی میرے مولیٰ کے طفیل
ورنہ یہ لطف و کرم مجھ سے گنہگار کے ساتھ
ہم بھی مظہرؔ سے سنیں گے کوئی نعت رنگیں
گر ملاقات ہوئی شاعرِ دربار کے ساتھ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.