شہ انبیا کا مقام اللہ اللہ
شہ انبیا کا مقام اللہ اللہ
سر عرش اعظم خرام اللہ اللہ
در مصطفیٰ پر قیام اللہ اللہ
نظر سوئے باب السلام اللہ اللہ
ہے لب پر درود و سلام اللہ اللہ
مرا مشغلہ میرا کام اللہ اللہ
مدینے کے دن رات اللہ اکبر
دل افروزی صبح و شام اللہ اللہ
شب و روز ہے نور و نکہت کی بارش
بدرگاہ خیر الانام اللہ اللہ
ملک چومتے ہیں در و بام طیبہ
یہ در اللہ اللہ یہ بام اللہ اللہ
مرے شاہ نے سات پردوں میں چھپ کر
کیا ہے خدا سے کلام اللہ اللہ
سجائی گئی محفل ہر دو عالم
یہ ان کے لیے اہتمام اللہ اللہ
ثنا خوان سلطان جن و بشر ہیں
رسولان ذی احتشام اللہ اللہ
وظیفہ تھا طوفان میں نوح کا بھی
شہ ذوالمنن تیرا نام اللہ اللہ
میں اور مدحت شاہ کونین مظہرؔ
حضوری میں مجھ سا غلام اللہ اللہ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.