Font by Mehr Nastaliq Web

سر صبح سعادت نے گریباں سے نکالا

حسن رضا بریلوی

سر صبح سعادت نے گریباں سے نکالا

حسن رضا بریلوی

MORE BYحسن رضا بریلوی

    سر صبح سعادت نے گریباں سے نکالا

    ظلمت کو ملا عالم امکاں سے نکالا

    پیدائشِ محبوب کی شادی میں خدا نے

    مدت کے گرفتاروں کو زنداں سے نکالا

    رحمت کا خزانہ پئے تقسیمِ گدایاں

    اللہ نے تہ خانۂ پنہاں سے نکالا

    خوشبو نے عنادل سے چھڑائے چمن و گل

    جلوے نے پتنگوں کو شبستاں سے نکالا

    ہے حسنِ گلوئے مہ بطحا سے یہ روشن

    اب مہر نے سر ان کے گریباں سے نکالا

    پردہ جو ترے جلوۂ رنگیں نے اٹھایا

    صرصر کا عمل صحنِ گلستاں سے نکالا

    اس ماہ نے جب مہر سے کی جلوہ نمائی

    تاریکیوں کو شامِ غریباں سے نکالا

    اے مہر کرم تیری تجلی کی ادا نے

    ذروں کو بلائے شب ہجراں سے نکالا

    صدقے ترے اے مرد مک دیدۂ یعقوب

    یوسف کو تری چاہ نے کنعاں سے نکالا

    ہم ڈوبنے ہی کو تھے کہ آقا کی مدد نے

    گرداب سے کھینچا ہمیں طوفاں سے نکالا

    امت کے کلیجہ کی خلش تم نے مٹائی

    ٹوٹے ہوئے نشتر کو رگِ جاں سے نکالا

    ان ہاتھوں کے قربان کہ ان ہاتھوں سے تم نے

    خارِ رہِ غم پائے غریباں سے نکالا

    ارمان زدوں کی ہیں تمنائیں بھی پیاری

    ارمان نکالا تو کس ارماں سے نکالا

    یہ گردنِ پر نور کا پھیلا ہے اجالا

    یا صبح نے سر ان کے گریباں سے نکالا

    گلزارِ براہیم کیا نار کو جس نے

    اس نے ہی ہمیں آتش سوزاں سے نکالا

    دینی تھی جو عالم کے حسینوں کو ملاحت

    تھوڑا سا نمک ان کے نمکداں سے نکالا

    قرآں کے حواشی پہ جلالین لکھی ہے

    مضموں یہ خطِ عارضِ جاناں سے نکالا

    قربان ہوا بندگی پر لطف رِہائی

    یوں بندہ بنا کر ہمیں زنداں سے نکالا

    اے آہ مرے دل کی لگی اور نہ بجھتی

    کیوں تو نے دھواں سینۂ سوزاں سے نکالا

    مدفن نہیں پھینک آئیں گے اَحباب گڑھے میں

    تابوت اگر کوچۂ جاناں سے نکالا

    کیوں شور ہے کیا حشر کا ہنگامہ بپا ہے

    یا تم نے قدم گورِ غریباں سے نکالا

    لاکھوں ترے صدقے میں کہیں گے دمِ محشر

    زنداں سے نکالا ہمیں زِنداں سے نکالا

    جو بات لب حضرتِ عیسٰی نے دکھائی

    وہ کام یہاں جنبش داماں سے نکالا

    منہ مانگی مرادوں سے بھری جیب دو عالم

    جب دست کرم آپ نے داماں سے نکالا

    کانٹا غمِ عقبے کا حسنؔ اپنے جگر سے

    امت نے خیالِ سر مژگاں سے نکالا

    مأخذ :
    • کتاب : ذوق نعت (Pg. 21)

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے