Font by Mehr Nastaliq Web

رحمت نہ کس طرح ہو گنہگار کی طرف

حسن رضا بریلوی

رحمت نہ کس طرح ہو گنہگار کی طرف

حسن رضا بریلوی

MORE BYحسن رضا بریلوی

    رحمت نہ کس طرح ہو گنہگار کی طرف

    رحمٰن خود ہے میرے طرف دار کی طرف

    جانِ جناں ہے دشت مدینہ تری بہار

    بلبل نہ جائے گی کبھی گلزار کی طرف

    انکار کا وقوع تو کیا ہو کریم سے

    مائل ہوا نہ دل کبھی انکار کی طرف

    جنت بھی لینے آئے تو چھوڑیں نہ یہ گلی

    منہ پھیر بیٹھیں ہم تری دیوار کی طرف

    منہ اس کا دیکھتی ہیں بہاریں بہشت کی

    جس کی نگاہ ہے ترے رخسار کی طرف

    جاں بخشیاں مسیح کو حیرت میں ڈالتیں

    چپ بیٹھے دیکھتے تری رفتار کی طرف

    محشر میں آفتاب ادھر گرم اور ادھر

    آنکھیں لگی ہیں دامنِ دلدار کی طرف

    پھیلا ہوا ہے ہاتھ ترے در کے سامنے

    گردن جھکی ہوئی تری دیوار کی طرف

    گوبے شمار جرم ہوں گو بے عدد گناہ

    کچھ غم نہیں جو تم ہو گنہگار کی طرف

    یوں مجھ کو موت آئے تو کیا پوچھنا مرا

    میں خاک پر نگاہ درِ یار کی طرف

    کعبے کے صدقے دل کی تمنا مگر یہ ہے

    مرنے کے وقت منہ ہو درِ یار کی طرف

    دے جاتے ہیں مراد جہاں مانگیے وہاں

    منہ ہونا چاہیے درِ سرکار کی طرف

    روکے گی حشر میں جو مجھے پاشکستگی

    دوڑیں گے ہاتھ دامن دلدار کی طرف

    آہیں دلِ اسیر سے لب تک نہ آئی تھیں

    اور آپ دوڑے آئے گرفتار کی طرف

    دیکھی جو بے کسی تو انہیں رحم آ گیا

    گھبرا کے ہوگئے وہ گنہگار کی طرف

    بٹتی ہے بھیک دوڑتے پھرتے ہیں بے نوا

    دَر کی طرف کبھی کبھی دیوار کی طرف

    عالم کے دِل تو بھر گئے دولت سے کیا عجب

    گھر دوڑنے لگیں درِ سرکار کی طرف

    آنکھیں جو بند ہوں تو مقدر کھلے حسنؔ

    جلوے خود آئیں طالبِ دیدار کی طرف

    مأخذ :
    • کتاب : ذوق نعت (Pg. 69)

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے