Font by Mehr Nastaliq Web

افلاک سے اونچا ہے ایوان محمد کا

جمیل قادری

افلاک سے اونچا ہے ایوان محمد کا

جمیل قادری

MORE BYجمیل قادری

    افلاک سے اونچا ہے ایوان محمد کا

    مخلوقِ الٰہی ہے سامان محمد کا

    پاتے ہیں سبھی صدقہ ان کے درِ اقدس سے

    ہر ذرۂ عالم ہے مہمان محمد کا

    ہوتی ہے ہر اک نعمت تقسیم مدینے سے

    کونین میں جاری ہے فیضان محمد کا

    دیتے ہیں ملک پہرہ سرکار کے روضے پر

    جبریلِ معظم ہے دربان محمد کا

    عالم ہے اگر شیدا ان پر تو تعجب کیا

    خود چاہنے والا ہے رحمٰن محمد کا

    شاہانِ جہاں کیوں کر رکھیں نہ سر آنکھوں پر

    فرمانِ الٰہی ہے فرمان محمد کا

    حور و ملک و غلماں جن و بشر و حیواں

    لیتے ہیں سبھی سر پر فرمان محمد کا

    طیبہ کو جو جاتا ہے کہتے ہیں مَلک باہم

    لو دیکھو وہ آتا ہے مہمان محمد کا

    تکلیفِ سفر سے تو دل تنگ نہ ہو زائر

    برسے گا ترے اوپر باران محمد کا

    رویا میں نہ دیکھا گر وہ چہرۂ نورانی

    لے جاؤں گا دنیا سے ارمان محمد کا

    افسوس کہ اے بلبل تو نے نہ کبھی دیکھا

    بے خار گلستاں ہے بستان محمد کا

    کیوں چاک ہو غم سے دل کیوں فوجِ الم گھیرے

    سر پر ہے غلاموں کے دامان محمد کا

    دنیا کی سبھی باتیں مٹ جائیں مرے دل سے

    ہو وردِ زباں کلمہ ہر آن محمد کا

    جب مدح و ثنا حق نے قرآن میں فرمائی

    کیا منہ ہے جو واصف ہو انسان محمد کا

    تقدیر جمیلؔ اپنی شاہوں سے رہے بڑھ کر

    سگ اپنا بنائے گر دربان محمد کا

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے