Font by Mehr Nastaliq Web

تمہیں نے تو کیا ہم کو مسلماں یا رسول اللہ

جمیل قادری

تمہیں نے تو کیا ہم کو مسلماں یا رسول اللہ

جمیل قادری

MORE BYجمیل قادری

    تمہیں نے تو کیا ہم کو مسلماں یا رسول اللہ

    تمہیں تو ہو ہمارا دین و ایماں یَا رسول اللہ

    نہ بھولے اور نہ بھولو گے قیامت تک غلاموں کو

    نہ کیوں ہوں اہلِ سنت تم پہ قرباں یا رسول اللہ

    فقط یہ آرزو ہے نزع میں مرقد میں محشر میں

    کہیں ہم سے نہ چھوٹے تیرا داماں یا رسول اللہ

    لواء الحمد کے نیچے بنے مولیٰ قیامت میں

    مرا ہر رونگٹا تیرا ثنا خواں یا رسول اللہ

    ترے حسن و ملاحت پر دو عالم کیوں نہ ہوں قرباں

    خدائے پاک ہے جب تیرا خواہاں یا رسول اللہ

    مکان و لامکاں حور و ملک عرش و فلک کرسی

    تمہارے ہی لیے یہ سب ہے ساماں یا رسول اللہ

    تری تربت کے آگے عرش کا بھی سر خمیدہ ہے

    بلند افلاک سے ہے تیرا ایواں یا رسول اللہ

    سلاطینِ زمانہ آستاں پر سر رگڑتے ہیں

    تمہاری خاکِ در ہے تاجِ شاہاں یا رسول اللہ

    کروڑوں نعمتوں سے بے طلب ادنیٰ اشارے میں

    بھرے عالم کے تم نے جیب و داماں یا رسول اللہ

    مریضانِ جہاں کو تم شفا دیتے ہو دم بھر میں

    خدا را درد کا ہو میرے درماں یا رسول اللہ

    میں اک ادنیٰ بھکاری آپ سلطانِ زمانہ ہیں

    سلیماں آپ میں مورِ سلیماں یا رسول اللہ

    تمہارے نور سے حق نے کیے کون و مکاں ظاہر

    تمہیں ذراتِ عالم میں ہو تاباں یا رسول اللہ

    لیا تھا روزِ میثاق انبیا سے حق تعالیٰ نے

    تمہاری پیروی کا عہد و پیماں یا رسول اللہ

    بنایا ہے خدا نے دونوں عالم کا تجھے حاکم

    سروں پر لیتے ہیں سب تیرا فرماں یا رسول اللہ

    تو ہے بندہ خدائے پاک کا میں تیرا بندہ ہوں

    توسط سے ترے ہوں عبد رحمٰں یا رسول اللہ

    خدا کے بعد افضل جاننا تم کو دوعالم سے

    یہی تو ہے ہمارا دین و ایماں یا رسول اللہ

    ترے فضل و کرم سے دور کیا ہے گر میں بن جاؤں

    تیری چوکھٹ کے دربانوں کا درباں یا رسول اللہ

    صدائے صور سن کر آپ کا پڑھتا ہوا کلمہ

    میں اٹھوں قبر سے شاداں و خنداں یا رسول اللہ

    غلاموں کی ہر اک مشکل میں تم امداد کرتے ہو

    مری بھی مشکلیں ہو جائیں آساں یا رسول اللہ

    جمیلؔ قادری کی دو جہاں میں لاج رکھ لینا

    طفیل حضرتِ احمد رضا خاں یا رسول اللہ

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے