دریاؤں میں جھلیوں میں اللہ ہی اللہ ہے
دریاؤں میں جھلیوں میں اللہ ہی اللہ ہے
ہر بحر کی لہروں میں اللہ ہی اللہ ہے
اشجار کے پتوں میں برسات کی بوندوں میں
پھولوں میں ستاروں میں اللہ ہی اللہ ہے
ہر ذہن کے خلیوں میں سانسوں میں حواسوں میں
ہر قلب کے ریشوں میں اللہ ہی اللہ ہے
دن رات کے لمحوں میں اوقات کے سینوں میں
پُر کیف فضاؤں میں اللہ ہی اللہ ہے
ساون کی گھٹاؤں میں طوفان میں آندھی میں
بجلی کی صداؤں میں اللہ ہی اللہ ہے
چاند اور ستاروں میں، سورج کی شعاؤں میں
ان اونچے خلاؤں میں اللہ ہی اللہ ہے
ندیوں کے کناروں میں، جھرنوں کی قطاروں میں
بل کھاتی ہواؤں میں اللہ ہی اللہ ہے
ہر دشت و بیاباں میں ہر باغ کے پھولوں میں
صحراؤں کے ذروں میں اللہ ہی اللہ ہے
پُر نور بہاروں میں نو خیز سی کلیوں میں
ان چاروں ہی سمتوں میں اللہ ہی اللہ ہے
قرآن کے پاروں میں اور ذکر کے لفظوں میں
حفاظ کے سینوں میں اللہ ہی اللہ ہے
اس کلمۂ طیب میں پیغام نبوت میں
ہر وقت اذانوں میں اللہ ہی اللہ ہے
حشرات کی چیخوں میں باغات کے سبزوں میں
طائر کی اڑانوں میں اللہ ہی اللہ ہے
پوشیدہ خزانوں میں زرخیز زمینوں میں
ہنستی ہوئی فصلوں میں اللہ ہی اللہ ہے
کعبے کے گلستاں میں عرفات کے میداں میں
طیبہ کی فضاؤں میں اللہ ہی اللہ ہے
مکہ کی بہاروں میں طیبہ کے نظاروں میں
حجاج کے سجدوں میں اللہ ہی اللہ ہے
جنت کی فضاؤں میں، کوثر کی پھواروں میں
قدسی کی ثناؤں میں اللہ ہی اللہ ہے
ہر درد کے درماں میں ہر قلب کے ارماں میں
ہر آس کی کرنوں میں اللہ ہی اللہ ہے
آنسوں بھری پلکوں میں اور دکھ بھری آہوں میں
مظلوم کے نالوں میں اللہ ہی اللہ ہے
ہر غم کی دواؤں میں ہر دکھ کی شفاؤں میں
ہر زخم کی ٹیسوں میں اللہ ہی اللہ ہے
جاگی ہوئی صبحوں میں، مہکی ہوئی شاموں میں
رنگین نظاروں میں اللہ ہی اللہ ہے
مٹی کی تراوٹ میں صحرا کے بگولوں میں
اور ریت کے ٹیلوں میں اللہ ہی اللہ ہے
نیکوں کی عبادت میں ولیوں کی کرامت میں
نبیوں کے کرشموں میں اللہ ہی اللہ ہے
ہر موت کی ساعت میں تنہائی مرقد میں
پرسش میں سوالوں میں اللہ ہی اللہ ہے
صحرا کی تمازت میں شہدا کیا شجاعت میں
پانی کے بھی چشموں میں اللہ ہی اللہ ہے
کہسار و بیاباں میں جنگل میں خیاباں میں
پھلدار درختوں میں اللہ ہی اللہ ہے
سوچوں میں خیالوں میں زاہد کے ارادوں میں
نازوں میں نیازوں میں اللہ ہی اللہ ہے
تخلیق میں آدم کی تخلیق میں عالم کی
اعراف کے رستوں میں اللہ ہی اللہ ہے
مؤمن کی نمازوں میں احرار کے سجدوں میں
کوکبؔ کی دعاؤں میں اللہ ہی اللہ ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.