اے کہ تجھ سے صبحِ عالم کو درخشانی ملی
اے کہ تجھ سے صبحِ عالم کو درخشانی ملی
ساغرِ خورشید کو صہبائے نورانی ملی
اے کہ انوارِ حقیقت سے بنا پیکر ترا
حیرتِ آئینہ تخلیق ہے جوہر ترا
اے کہ تیری ذات سے پیدا نشانِ زندگی
اے کہ تیری زندگی سرِّ نہانِ زندگی
اے کہ تجھ پر آشکارا راز ہائے کائنات
تیری ہستی ابتدا و انتہائے کائنات
اے کہ تیرے رخ کی تابش سے فصا پر نور ہے
تیری خاک پا کا ہر ذرہ حریف طور ہے
ضوفشاں تیری محبت ہے دلوں میں اس طرح
عکس انجم مضطرب آبِ رواں میں جس طرح
اس قدر تیری کرامت کی فراوانی ہوئی
بیکسوں کو دولت پرویز ارزانی ہوئی
حاکم و محکوم کو تونے برابر کر دیا
ذرۂ ناچیز کو ہمدوشِ اختر کر دیا
تیری پر اسرار ہستی کا بیاں ہو کس طرح
تجھ میں جو اعجاز مخفی ہے عیاں ہو کس طرح
آسمانی عظمت و تقدیس کا مظہر ہے تو
مختصر یہ ہے خدا کا خاص پیغمبر ہے تو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.