ادھر چشمِ نم سے جو ہم دیکھتے ہیں
ادھر چشمِ نم سے جو ہم دیکھتے ہیں
مدینے سے ان کا کرم دیکھتے ہیں
ہیں وہ شاد منگتے جو ہیں مصطفیٰ کے
کہاں کوئی رنج و الم دیکھتے ہیں
جن آنکھوں نے دیکھا ہے طیبہ کا منظر
ان آنکھوں کو حسرت سے ہم دیکھتے ہیں
بیاں اس میں ہے مرتبہ مصطفیٰ کا
سو قرآں کے پاروں کو ہم دیکھتے ہیں
تڑپ جن کو ہوتی ہے دیکھیں مدینہ
سفر اور سفینے کو کم دیکھتے ہیں
جو محفل میں ہیں نعت خوانوں میں شامل
فرشتے بھی ان کا بھرم دیکھتے ہیں
ثنائے نبی میں تصور کا عالمؔ
وہ کیسے بتائیں جو ہم دیکھتے ہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.