جتنے بھی اس جہان میں ذی احترام ہیں
جتنے بھی اس جہان میں ذی احترام ہیں
ہر ایک کے ہمارے محمد امام ہیں
ان کی تو کوئی بات بھی حق ٹالتا نہیں
محبوبِ کبریا ہیں رسولِ انام ہیں
دنیا کے تاجدار بھی رکھتے ہیں سر جہاں
ہم بھی کرم سے بس اسی در کے غلام ہیں
کون و مکاں کی رونقیں شمس و قمر کا نور
اک ان کی ذات کے لیے سب اہتمام ہیں
اللہ اکبر ان کے درِ پاک کی عظمت
حاضر یہاں ملائکہ بہرِ سلام ہیں
جو ہو گئے ہیں نامِ شہِ دین پر نثار
زندہ انہیں کے آج زمانے میں نام ہیں
عشقِ رسول میں جو گزاریں گے زندگی
دنیا و آخرت میں وہی شاد کام ہیں
ہے طاعتوں کا لطف تو ان کے دیار میں
طیبہ کے دل نشیں سجود و قیام ہیں
دونوں جہاں میں خیر سے مرزاؔ وہ رہیں گے
جن کے لبوں پہ خوب درود و سلام ہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.