تیری عظمت کا ہو کیسے کچھ بیاں ربِ کریم
تیری عظمت کا ہو کیسے کچھ بیاں ربِ کریم
تیری قدرت ذرے ذرے سے عیاں ربِ کریم
اپنی قدرت سے زمیں کو فرش تو نے کر دیا
تو نے ہی پیدا کیے سب آسماں ربِ کریم
ہے رگِ جاں سے بھی تو نزدیک تر میرے خدا
جانتا ہے دل کی بھی سرگوشیاں ربِ کریم
اپنے بندوں پر تو ستر ماؤں سے بھی بیش تر
مہرباں ہے مہرباں ہے مہرباں ربِ کریم
ایک قطرہ مجھ کو بہرِ مصطفیٰ کردے عطا
لُطف تیرا ایک بحرِ بے کراں ربِ کریم
نیند کیا ہے اونگھ بھی تجھ کو کبھی آتی نہیں
آیت الکرسی میں ہے تیرا بیاں ربِ کریم
مالکِ ارض و سما یا خالقِ جن و بشر
اپنے پیارے کا دکھا دے آستاں ربِ کریم
اپنے مرزاؔ کو عطا بخشش کی اب خیرات ہو
میرے شافع ہیں شفیعِ عاصیاں ربِ کریم
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.