سرکار کی آمد ہے رحمت کی گھٹا چھائی
سرکار کی آمد ہے رحمت کی گھٹا چھائی
اس اجڑے گلستاں میں پُر نور بہار آئی
ظلمت کے چھٹے بادل عالم کی فضا بدلی
آنے سے ملی ان کے کونین کو رعنائی
جلووں سے تمہارے ہی ہیں کون و مکاں روشن
خورشید و قمر نے بھی تم سے ہے ضیا پائی
ہر غیب عیاں تم پر کچھ بھی نہ نہاں تم سے
اللہ نے دی تم کو سرکار وہ بینائی
تسکینِ دل و جاں ہے سرکار تمہارا نام
خاکِ قدمِ والا ہے سرمۂ بینائی
یوں تو ہیں حسیں لاکھوں تم جیسا نہیں کوئی
ہر ایک ادا شاہا خود رب کو پسند آئی
آقا کی ولادت پر مسرور ہے سب عالم
شیطان کی ہر جانب ہونے لگی رسوائی
میلاد کے صدقے میں مرزاؔ پہ کرم کرنا
دیدار کا مدت سے آقا یہ تمنائی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.