عجب جاں فزا ہے مدینہ نبی کا
عجب جاں فزا ہے مدینہ نبی کا
بڑا خوش ہوا ہے مدینہ نبی کا
جسے عشق احمدؐ ہے دل سے ہمیشہ
اسے سر مہ سا ہے مدینہ نبی کا
زمیں بوس اس کا ہے چرخ مدور
پسند خدا ہے مدینہ نبی کا
عجب وضع و خوش قطع ہے شہر یثرب
زہے خوش بنا ہے مدینہ نبی کا
وہاں چشمۂ فیض جاری ہے ہر دم
بہت خوشنما ہے مدینہ نبی کا
نہیں باغ رضواں کی کچھ مجھ کو خواہش
مرے دل لگا ہے مدینہ نبی کا
ید موسوی کی ضیا اس سے محجوب
عجب پر ضیا ہے مدینہ نبی کا
نہیں مثل اس کی کوئی شہر ہرگز
بڑا مہ لقا ہے مدینہ نبی کا
مدینہ چمن ہے بصد رنگ و خوشبو
خوشا خوش بسا ہے مدینہ نبی کا
ہجوم ملائک وہاں ہے ہمیشہ
خدا کی رضا ہے مدینہ نبی کا
بڑی اس کی قسمت کہ رہنے کو جس کو
ہمیشہ ملا ہے مدینہ نبی کا
بہار اس کے کوچوں میں جنت کی مانند
کہ رونق سرا ہے مدینہ نبی کا
لکھوں کیا میں تعریف یثرب کی اس کی
کہ عین عطا ہے مدینہ نبی کا
وہاں رحمت حق ہی نازل ہے ہرد م
حبیبِ خدا ہے مدینہ نبی کا
خلیل اس مقدس مکاں کا بیاں ہے
سنو دل کشا ہے مدینہ نبی کا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.