خلق میں برتر ہے رتبہ احمدِ مختار کا
خلق میں برتر ہے رتبہ احمدِ مختار کا
کیوں کہ وہ مقبول ہے اللہ کی سرکار کا
کر دیا مرجع خدا نے ان کو ہنگامِ وجود
ہر ولی کا ہر نبی کا اور کل ابرار کا
کفر کی ظلمت مٹائی دین حق ظاہر کیا
سر جھکا یا حق کی جانب آپ نے کفار کا
دشمنوں سے دوستی کرنا انہیں کا کام تھا
اس طرح کرتا ہے کوئی پاس کب اغیار کا
باوجود اس کے کہ تھے اللہ کے محبوب خاص
ہاں مگر غالب ہمیشہ خوف تھا قہار کا
غیر یادِ حق کسی دم آپ کو فرصت نہ تھی
تھا خیال ان کو نہ اس دنیا کے کاروبار کا
علتِ غائی وجودِ آفرینش کے ہیں وہ
ہیں وہی باعث ربوبیت کے بھی اظہار کا
ان کی بعثت خاص رحمت خلق پر اللہ کی
ان کا یاں تشریف لانا ہے کرم غفار کا
عکس نور احمدی سے ہیں منور مہر و ماہ
جرم روشن ہے انہیں سے ثابت و سیار کا
ہے درود اللہ کا ان پر مع اصحاب و آل
ذات باری نے کیا واقف انہیں اسرار کا
ہے بہت عاصی یہ نزہتؔ یا الہ العالمین
بخش دے اس کو تصدق احمد مختار کا
- کتاب : Nuzhat-un-Nazireen (Pg. 46)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.