خدا کا فضل ہے رحمت ہے بارھویں تاریخ
خدا کا فضل ہے رحمت ہے بارھویں تاریخ
ہمارے رب کی عنایت ہے بارھویں تاریخ
جلیں وہ جن کے مقدر میں آگ لکھی ہے
ہمیں تو باعثِ رحمت ہے بارھویں تاریخ
یہ روز و شب یہ مہ و سال جن کا صدقہ ہیں
انہیں کا یومِ ولادت ہے بارھویں تاریخ
وہ صبح جب کہ حبیب خدا ہوئے پیدا
اسی سحر کی علامت ہے بارھویں تاریخ
خدا کے فضل سے ہم سنیوں کو پیاری ہے
سعادتوں کی ضمانت ہے بارھویں تاریخ
وہ رت جگے وہ نوافل درود اور سلام
ہمارے پیروں کی سنت ہے بارھویں تاریخ
ابو لہب کو سزا میں کمی ملے اس دن
ثبوتِ رتبۂ نسبت ہے بارھویں تاریخ
شفیعِ روزِ جزا جن کا وصف اقدس ہے
انہیں کی شان کی شوکت ہے بارھویں تاریخ
شبِ ولادتِ احمد کی صبح کیا کہیے
بہارِ فضل و فضیلت ہے بارھویں تاریخ
ہمیں تو نظمی سکھایا یہی بزرگوں نے
کہ سنیوں کی سعادت ہے بارھویں تاریخ
یہ عید عیدوں سے بڑھ کر ہے باالیقیں نظمیؔ
ہمارے قلب کی راحت ہے بارھویں تاریخ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.