رسائی میری اگر ہوگئی مدینے تک
رسائی میری اگر ہوگئی مدینے تک
پہنچ ہی جاؤں گا قربِ خدا کے زینے تک
احد کو پانے میں احمد کا عشق لازم ہے
پہنچ سکیں گے تبھی معرفت کے زینے تک
کیے بڑے بڑے دعوے گلاب و عنبر نے
نہ پہنچی مشک بھی سرکار کے پسینے تک
بس ایک بار ہی دیکھا ہے گنبدِ خضریٰ
رہے گا کیف وہی ساری عمر جینے تک
ہمیں یقیں ہے کہ روحانیت کی ایک سرنگ
براہ راست ہے مارہرہ سے مدینے تک
انہیں جو خواب میں دیکھا تو خود کو بھول گئے
رہا نہ ہوش ہمیں پھر کئی مہینے تک
پھر ایک دن ہوئی ان کی ہی اک نگاہِ کرم
درود لایا ہمیں ہوش کے قرینے تک
بس اب تو ساقیِ کوثر سے لو لگائی ہے
کبھی تو آئے گا اک جام مجھ کمینے تک
بھنور میں ہوں مگر آقا کے فضل پر شاکر
کنارے خود ہی چلے آئیں گے سفینے تک
تمہارا عشق ہے صادق اگر تو اے نظمیؔ
پہنچ ہی جاؤ گے ایک بار پھر مدینے تک
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.